گوگل کی جانب سے گذشتہ روز اینڈرائیڈ جیلی بین کا نیا ورژن 4.2 جاری کر دیا گیا ہے۔ اب اینڈرائیڈ ٹیبلیٹ صارفین کو ’ملٹی یوزر‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جسکے ذریعے ایک ہی ٹیبلیٹ پر ایک سے زائد افراد اپنے اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں، یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے آپ اپنے کمپیوٹر پر مختلف یوزر اکاؤنٹ بنا لیتے ہیں۔ یہ فیچر فی الحال صرف ٹیبلیٹ صارفین کےلیے یہ دستیاب ہوگا کیونکہ سمارٹ فون ورژن میں اسے شامل نہیں کیا گیا۔
جیلی بین 4.2میں ڈیفالٹ کی بورڈ کو مزید بہتر بنایا گیا ہے اور اب اس میں Swype کی طرز کا فیچر متعارف کروایا گیا ہے جس میں آپ مختلف حروف پر انگلی پھیریں تو وہ آپ کا مطلوبہ لفظ ٹائپ کر دیتا ہے۔
اس نئے ورژن میں کیمرہ انٹرفیس میں بھی کافی تبدیلی کی گئی ہے اور Photo Sphere فیچر کے ذریعے آپ اب 360 ڈگری پینوراما تصاویر اتار سکتے ہیں۔ یہ تصاویر ایسے ہی ہونگی جیسے آپ گوگل سٹریٹ ویو میں دیکھتے ہیں۔ آپ تصویر اتار کر اسے فوری طور پر گوگل میپس پر شئیر بھی کر سکتے ہیں۔
گوگل کی جانب سے اس نئے ورژن میں وائرلیس ڈسپلے کے فیچر کو بہتر بنایا گیا ہے اور اب آپ اپنے موبائل یا ٹیبلیٹ سے ڈسپلے اپنے ٹی وی پر بھی حاصل کر سکتے ہیں اور اسکے لیے آپکو کسی قسم کی تاروں کی ضرورت نہیں۔
گوگل اینڈرائیڈ جیلی بین 4.2 میں ان سب کے علاوہ بہت سے مزید نئے فیچرز بھی متعارف کروائے گئے ہیں جنکی تفصیل آپ اس لنک پر ملاحظہ کر سکتے ہیں۔