فیس بک صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی

 

2004 میں شروع کی جانے والی سماجی روابط کی ویب سائیٹ،  فیس بک پر ایکٹیو صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کر گئی ہے، آج کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر مارک زکربرگ کی جانب سے اسکا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ اپنی بلاگ پوسٹ میں انہوں نے تمام فیس بک صارفین کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت آج فیس بک کو یہ مقام حاصل ہوا۔

انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ ایک ارب سے زائد لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ یہاں یہ بات انتہائی اہم ہے کبھی بھی روایتی طریقوں سے فیس بک کی تشہیر نہیں کی گئی اور اسکے بغیر ہی کمپنی ایک ارب سے زائد صارفین اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ آج مارک زکربرگ نے کمپنی کا پہلا اشتہار بھی متعارف کروایا جس میں دکھایا گیا ہے کہ جس طرح کرسیاں، پل ،ہوائی جہاز اور دیگر روزمرہ استعمال کی چیزیں انسانوں کو آپس میں جوڑتی ہیں اسی طرح فیس بک بھی باہمی رابطہ کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

جولائی 2010 میں فیس بک صارفین کی تعداد محض 500 ملین تھی جو 2 سال کے عرصے میں حیران کن تیزی سے بڑھ کر دوگنا ہوگئی ہے۔اس تعداد میں  کم و بیش 600 ملین صارفین بذریعہ موبائل فون فیس بک کا استعمال کرتے ہیں۔اب دیکھنا ہے کہ کیا فیس بک 2 ارب صارفین کا ہدف کب عبور کرتی ہے ۔ایک اندازے کے مطابق اس وقت پوری دنیا میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد ڈھائی ارب کے قریب ہے جن میں سے اکثریت  چین اور ایسےدوسرے ممالک سے تعلق رکھتی ہے، جہاں فیس بک کو اتنی مقبولیت حاصل نہیں۔آپ کی اس بارے میں کیا رائے ہے؟

فیس بک کی جانب سے جاری کیا گیا اشتہار ملاحظہ کیجئے: