فیس بک استعمال کرنے والے تمام دوست یقیناً لائیک بٹن کے بارے میں تو ضرور جانتے ہونگے۔ آپ کے کسی دوست نے کوئی اچھا سٹیٹس میسج لکھا، کوئی عمدہ تصویر اپلوڈ کی یا پھر کوئی ویڈیو، اور آپ نے فوری طور پر اسے لائیک کر لیا، زیادہ پسند ہو تو کمنٹ بھی کر دیا اور پھر اسے بھی کسی نے لائیک کر لیا۔ مجھ سمیت بہت سے دوست تو اپنے سٹیٹس کو اکثر خود ہی لائیک کر لیتے ہیں۔
مگر اکثر اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ آپ کو کسی کی کوئی بات یا تصویر پسند نہیں آتی۔ آپ اس پر کمنٹ کرکے اپنی ناپسندیدگی تو ظاہر کرسکتے ہیں لیکن لائیک کے مقابلے میں ڈس لائیک (ناپسندیدگی) کا کوئی بٹن موجود نہیں۔ لاکھوں فیس بک صارفین اس صورتحال سے کافی پریشان ہیں اور اس حوالے سے اکثر فیس بک انتظامیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈس لائیک کا بٹن بھی متعارف کروایا جائے۔
تو لیجئے جناب آج معلوم ہوا ہے کہ فیس بک پر ڈس لائیک کا بٹن بھی موجود ہے، مگر آپ زیادہ خوش مت ہوں یہ بٹن فی الوقت فیس بک کے ایک انجینئر چک روسی کے پاس ہی دستیاب ہے۔ اس بٹن کی مدد سے چک روسی کسی بھی فیس بک ڈیویلپر کی کارکردگی کا تعین کرتے ہیں۔ مثلاً اگر فیس بک کے کسی فیچر میں کوئی مسئلہ آجاتا ہے توروسی اس کی جانچ پڑتال کریں گے اور کوڈ کی خرابی کی صورت میں کوڈ لکھنے والے ڈیویلپر کو اسکی خامی سے آگاہ کر کے اسکے نمبر کاٹ لیں گے۔
تو جناب اگر آپ فیس بک پر ڈس لائیک کا بٹن حاصل کرنا چاہتے ہیں تو پھر اسکی ایک ہی صورت ہے کہ آپ چک روسی کی ٹیم کو جائن کرلیں یا پھر گوگل کی منتیں کریں کہ وہ 1+ کے بعد اب 1- کا بٹن بھی متعارف کروائیں کیونکہ فیس بک پر یہ فیچر عوام الناس کے لیے شاید کبھی پیش نہ کیا جائے۔