نوکیا کے ونڈوز فون 7.5 لومیا سمارٹ فونز ابھی پاکستان میں وارد ہی ہوئے تھے کہ کمپنی کی جانب سے مائیکروسافٹ کی نئی ونڈوز فون 8 سے مزین موبائل فون نوکیا لومیا 820 اور لومیا 920 متعارف کروادیے گئے ہیں۔
لومیا 920:
لومیا 920 گذشتہ سال متعارف کروائے جانے والے لومیا 900 کا نیا ورژن ہے۔ ساخت کے اعتبار سے پچھلے فون سے ملتا جلتا ہی ہے۔ اس نئے فون میں نوکیا پیور ویو کیمرہ نصب کیا گیا ہے ، جو کہ 8 میگا پکزل تصاویر اتارنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ آپ شاید سوچ رہے ہونگے کہ نوکیا نے 808 کی طرح اس میں 41 میگا پکزل کیمرہ نصب کیوں نہیں کیا؟ تو جناب نوکیا کے مطابق اصل چیز ٹیکنالوجی ہے نہ کہ میگا پکزل۔
اسی طرح اس فون کی سکرین نوکیا پیور موشن HD+ کی حامل ہے جسکی بدولت نہ صرف سکرین زیادہ روشن نظر آئے گی بلکہ ویڈیوز یا گیمز کھیلتے ہوئے متحرک تصاویر پہلے سے بہتر نظر آئیں گی۔ فون کی سکرین 4.5 انچ لمبی ہے اور اسکی ریزولیوشن 1280×768 ہے جس میں Super Sensitive Touch ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
فون میں 1.5GHz ڈول کور پراسیسر کا استعمال کیا گیا ہے اور اسکی ریم 1GB ہے۔ گو کہ آج کل اینڈرائیڈ سمارٹ فونز میں کواڈ کور پراسیسرز کااستعمال کیا جارہے لیکن ہمیں امید ہے کہ نوکیا لومیا 920 ان سے کسی بھی طرح کم نہیں۔فون کی سٹوریج 32GB ہے جبکہ اس میں میموری کارڈ کی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔
نوکیا لومیا 820:
لومیا 820 ساخت کے اعتبار سے لومیا 800 سے کافی مختلف ہے فون کے کونے زیادہ گول ہیں اور اسکی ساخت لومیا 920 سے ملتی جلتی ہے۔ دیگر لومیا فونز کی طرح یہ فون ایک ہی پولی کاربونیٹ باڈی کی بجائے عام فونزکی طرح بیک کور کا حامل ہے۔ جسکی بدولت آپ نہ صرف کور کو تبدیل کر سکتے ہیں بلکہ اس فون میں میموری کارڈ کا استعمال اور بیٹری بھی تبدیل کی جاسکتی ہے۔
لومیا 920 کی طرح اس فون میں بھی 1.5GHz ڈول کور پراسیسر کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ میموری 1GB ہے۔ اس فون کی سٹوریج 8GB ہے جبکہ آپ اس میں 32 GB تک کا میموری کارڈ بھی استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ اب ونڈوزفون 8 میں میموری کارڈ کا فیچر بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
فون کی سکرین 4.3انچ لمبی ہے اور اس میں کلیئر بلیک ڈسپلے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جسکی بدولت سکرین زیادہ واضح اور روشن نظر آتی ہے۔
اس فون میں بھی 8 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے لیکن یہ پیور ویو سے مزین نہیں۔ فون ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اور اس میں ویڈیو کالنگ کے لیے سامنے کی جانب کیمرہ بھی نصب ہے۔
گو کہ نوکیا کے نئے لومیا فونز پرانے ورژنز سے کچھ زیادہ مختلف تو نہیں ہیں لیکن امید کی جارہی ہے کہ ونڈوز فون 8 میں کی جانے والی تبدیلیوں کے باعث اب صارفین کی بڑی تعداد ان فونزکی جانب راغب ہوگی۔ ہم پر امید ہیں کہ نوکیا پاکستان کی جانب سےاب کی بار یہ فونز پاکستان میں متعارف کروانے میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔ آپ کو یہ فونز کیسے لگے تبصرہ ضرور کیجئے گا۔
ان فونز کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیوز ملاحظہ کیجئے: