مشہور مائیکروبلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈک کوسٹولو کے مطابق بہت جلد ٹوئٹر صارفین اپنی تمام ٹوئیٹس کو ڈاونلوڈ کرسکیں گے، اس حوالے سے کمپنی کے انجینئرز اس پر کام کررہے ہیں اور امید ہے کہ سال کے اختتام تک تمام صارفین کو یہ سہولت فراہم کردی جائے گی۔ جسکی بدولت آپ اپنی سالوں پرانی ٹوئیٹس کو بھی پڑھ سکیں گے اورانکا ریکارڈ بھی آپکے پاس محفوظ رہے گا۔
ٹوئٹر کے حریف نیٹورکس جیسے فیس بک اور گوگل پلس پہلے ہی اپنے صارفین کو ایسی سروس فراہم کررہے ہیں جسکی بدولت وہ اپنی پروفائل سے بہت سا ڈیٹا ڈاونلوڈ کرسکتے ہیں۔ انٹرنیٹ پر چلنے والی مختلف تحریکوں میں سے ایک کے مطابق سوشل نیٹورکس پر موجود صارفین کا ڈیٹا آزاد ہونا چاہیے۔ صارف کی مرضی ہے کہ وہ جب چاہے ایک سوشل نیٹورک سروس سے دوسرے پر اپنے تمام تر ڈیٹا سمیت منتقل ہوجائے۔