آج جرمنی کے شہر برلن میں منعقد ہونے والی IFA 2012 نمائش کے سلسلہ میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں سامسنگ کی جانب سے پہلا ونڈوز 8 سمارٹ فون متعارف کروایا گیا۔ سام سنگ کی جانب سے پیش کیا جانے والا فون ATIV S مائیکروسافٹ کے نئے آنے والے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز فون 8 سے مزین پہلا سمارٹ فون ہے۔ ATIV دراصل VITA کا الٹ ہے، جس کا مطلب لاطینی زبان میں زندگی ہوتا ہے۔
سام سنگ کی جانب سے پیش کیے جانے والے گلیکسی اینڈرائیڈ فونز کے مقابلے میں اس فون میں پلاسٹک کی بجائے ایلومینیئم کا استعمال کیا گیا ہے۔ فون کی موٹائی صرف 8.7 ملی میٹر ہے جبکہ اسکی سکرین 4.8 انچ لمبی ہے جو کہ گوریلا گلاس 2 ہائی ڈیفینیشن ڈسپلے سے مزین ہے۔
فون میں 1.5GHz ڈؤل کور پراسیسر کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ اسکی ریم 1GB ہے۔ فون میں دو کیمرے نصب ہے۔ پچھلی جانب نصب کیمرہ 8 میگا پکزل جبکہ ویڈیو کالنگ کے لیے فون کے سامنے جانب نصب کیمرہ 1.9 میگا پکزل ہے۔ اس فون میں 2300mAh بیٹری استعمال کی گئی لہذا دیگر فونز کی نسبت آپ اسے چارج کیے بغیر لمبے عرصے تک استعمال کر سکتے ہیں۔
فون میں سامنے کی جانب ونڈوز کے نئے لوگو سے مزین ایک بٹن نصب کیا گیا ہے جو کچھ ابھرا ہوا ہے۔ اسکے ساتھ دو ٹچ بٹن بھی ہے۔ فون میں والیوم اور پاور کے بٹن پلاسٹک کی بجائے ایلومینیم کے ہی ہیں ۔ سام سنگ کی جانب سے پلاسٹک کی بجائے ایلومینیئم کا استعمال یقیناً ایک اچھا اقدام ہے۔ کیونکہ اگر فون مہنگا ہو تو پھر اسکا احساس بھی ہونا چاہیے اوراسکے لیےاس میں استعمال شدہ میٹریل اچھا ہونا چاہیے۔
یہ فون پاکستان میں کب آئے گا اور اسکی قیمت کیا ہوگی؟ اسکے بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔ لیکن ہم یقیناً آپ کو اس سے باخبر رکھیں گے۔ فی الحال تو ہمیں نوکیا سے ہمدردی ہے جس نے 5 ستمبر کو پہلا ونڈوز فون 8 سمارٹ فون متعارف کروانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔