اگر آپ ویڈیو گیمز کھیلنے کے شوقین ہیں لیکن پلے سٹیشن اور ایکس باکس جیسے مہنگے کنزول نہیں خرید سکتے تو جناب پریشان ہونا چھوڑیے، بہت جلد آرہا ہے Ouya!
Ouya ایک اوپن سورس اینڈرائیڈ گیمنگ کنزول ہے جو کہ صرف 99 امریکی ڈالر میں دستیاب ہوگا اور آپ اس پر بہترین گیمز کھیل سکیں گے، اور مزے کی بات یہ ہے کہ ہیکرز اور ڈیویلپرز اس کو اپنی مرضی سے استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ Ouya دیگر گیمنگ کنزولز کا مقابلہ کیسے کرے گا؟ تو فکر مت کیجئے اب تو اینڈرائیڈ کے لیے بھی بہت سی زبردست تھری ڈی گیمز دستیاب ہیں جن کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہورہاہے۔
اس گیمنگ کنزول میں Nvidia کواڈ کور پراسیسر کا استعمال کیا گیا ہے اور اس میں 1GB ریم نصب ہے۔ کنزول کی سٹوریج 8GB ہے اور آپ اس میں وائی فائی اوربلیوٹوتھ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ HDMI, Ethernet port اور یو ایس بی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ کنزول فی الحال اینڈرائیڈ 4.0 آئس کریم سینڈوچ سے مزین ہے۔
Ouya کے لیے Kickstarter نامی فنڈنگ ویب سائیٹ پر کچھ عرصہ قبل اشتہار دیا گیا۔ کمپنی کی جانب سے اس گیمنگ کنزول کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع کرنے کے لیے 9لاکھ پچاس ہزار امریکی ڈالر کی امداد طلب کی گئی تھی جس کے لیے کم و بیش 64 ہزار لوگوں نے فنڈز فراہم کیے۔
کنزول بنانے والی کمپنی Boxer8 کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاری شروع کردی گئی ہے اور امید ہے کہ یہ کنزول اپریل 2013 تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگا، کمپنی کی جانب سے پری آرڈرز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسکے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو ملاحظہ کیجئے: