یہ بات تو طے ہے کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے ہمیشہ نئی آنے والی ونڈوز مہنگی قیمت پر بیچی جاتی ہے۔ جسکی وجہ سے اکثر لوگ اصل ونڈوز خریدنے کی بجائے چوری شدہ کاپی استعمال کرتے ہیں۔جس کے اپنے نقصانات ہیں۔
خیر ونڈوز 8 کی دفعہ مائیکروسافٹ نے اپنی حکمت عملی کو تھوڑا سا تبدیل کیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ تمام صارفین جواصل ونڈوز ایکس پی ،وسٹا یا سیون استعمال کررہے ہیں انہیں ونڈوز 8 پرو اپ گریڈ صرف 39.99 امریکی ڈالر میں فراہم کیا جائے گا۔اس اپ گریڈ کے لیے آپ کو نئی ونڈوز انٹرنیٹ سے ڈاونلوڈ کرنا ہوگی۔ جبکہ ڈی وی ڈی پر ملنے والی ونڈوز کی قیمت 69.99امریکی ڈالر ہوگی۔
یاد رہے کہ یہ قیمتیں صرف پرانی ونڈوز سے نئی پر اپ گریڈ کرنے کے لیے موثر ہیں۔ اگر آپ ونڈوز 8 کی علیحدہ سے ڈی وی ڈی خریدنا چاہ رہے ہیں تو اسکی قیمت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔اپ گریڈ کی یہ آفر 31جنوری 2013 تک موثر ہے۔ لہذا اگر آپ کے پاس انسٹال شدہ ونڈوز اصلی ہے یا آپ کے نئے خریدے گئے لیپ ٹاپ کے ساتھ مفت ونڈوز فراہم کی گئی ہے تو یقیناً آپ کے لیے یہ ایک اچھی خبر ہے۔