مائیکروسافٹ کی جانب سے آج آفس کے نئے ورژن ، آفس 2013 کا پری ویوجاری کر دیا گیا ہے۔اس نئے ورژن میں جہاں ڈیزائن میں بہت سی تبدیلیاں کی گئی ہیں وہیں اس میں بہت سے نئے فنکشنز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ (ڈاونلوڈ لنک تحریر کے اختتام پر ملاحظہ کیجئے)
مائیکروسافٹ کی جانب سے ونڈوز 8 کی طرح آفس کے لوگو کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے، اسی طرح آفس میں شامل تمام ایپلی کیشنز جیسے ورڈ ، پاور پوائینٹ اور ایکسل وغیرہ کے لوگوز کو بھی بدل دیا گیا ہے۔ایپلی کیشنزکے انٹرفیس کو ونڈوز 8 کے میٹروانٹرفیس سے مشابہت دی گئی ہے۔چونکہ نئی آنے والی ونڈوز 8 خاص طور پر ٹچ سکرین ڈیوائسسز کے لیے ترتیب دی گئی ہے اسی لیے نئے آفس میں بھی ٹچ کے فنکشنز کو شامل کیا گیا ہے، اسکا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آفس کو ڈیسکٹاپ پر استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔ ماؤس اور کی بورڈ استعمال کرنے والے صارفین بھی اسے اتنا ہی مفید پائیں گے۔
نیا آفس رواں سال ونڈوز 8 کے ساتھ ہی پیش کیا جائے گا۔اس کے ساتھ ساتھ آفس 365 کے بھی مختلف پیکج متعارف کروائے جائیں گے۔ جس میں صارفین کو کلاؤڈ سروسز اور سکائپ جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ جبکہ ونڈوز8 ٹیبلیٹ صارفین کو آفس ونڈوز کے ساتھ ہی فراہم کیا جائے گا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آفس کا نیا ورژن صرف ونڈوز 7 اور ونڈوز8 پر ہی چلایا جاسکتا ہے۔ لہذا اگر آپ ایکس پی یا وزٹا صارف ہیں تو بہت معذرت۔ آفس کا پری ویو ڈاونلوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کیجئے۔