یہ تو آپ جانتے ہی ہونگے کہ کچھ عرصہ سے ایپل اور سامسنگ کے درمیان سخت جنگ جاری ہے۔ ایپل کی جانب سے سام سنگ پر آئی پیڈ کی نقل کا الزام لگا کر اسے دنیا بھر کی عدالتوں میں گھسیٹا جا رہا ہے۔ گو کہ اس میں ایپل کو کافی حد تک کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے اور مختلف ممالک خاص کر امریکہ میں سامسنگ گلیکسی ٹیب 10.1 کی فروخت کو روک دیا گیا ہوا ہے۔لیکن برطانیہ میں ایپل کو منہ کی کھانی پڑی۔
برطانوی عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ دیا ہے کہ سامسنگ کی جانب سے ایپل آئی پیڈ کی نقل نہیں کی گئی ہے، سامسنگ ٹیبلیٹ آئی پیڈ کی طرح “بہت اچھی ” نہیں ہے۔لہذا اب ایپل کو حکم دیا جاتا ہے کہ وہ اخبارات میں معذرت کے اشتہارات جاری کرے اور اپنی ویب سائیٹ پر کم از کم چھ ماہ تک نوٹس شائع کرے کہ سامسنگ نے ایپل آئی پیڈ کی کاپی نہیں کی۔
ایپل کے مداحوں سے معذرت لیکن جناب غرور کا سر ہمیشہ نیچا ہی ہوتا ہے۔ ایپل کی جانب سے دوسری کمپنیوں پر نقل کے الزامات لگانا کوئی نئی بات نہیں اور خاص کر سامسنگ ٹیبلیٹس کی مقبولیت تو اسے کسی صورت ہضم نہیں ہورہی۔ اس سے قبل ایپل نے جانب سے جنوبی کوریا میں بھی گلیکسی ٹیب پر پابندی لگوانے کی کوشش کی گئی تھی جس میں اسے ناکامی ہوئی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ امریکہ میں ایپل کی کامیابی کتنی دیر پا ثابت ہوتی ہے یا پھر وہاں بھی اسے اخبارات اور ویب سائیٹ پر معذرت کے نوٹس جاری کرنا ہونگے۔