نوکیا بلاشبہ پاکستان میں سب سے زیادہ مشہور اور قابل اعتماد موبائل فون کمپنی کے طور پر جانی جاتی ہے۔لیکن گذشتہ چند سالوں کے دیگر کمپنیوں جیسے سام سنگ اورسستے چائنہ فونز مارکیٹ میں آجانے سے نوکیا فونز کی فروخت میں کافی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
نوکیا کی جانب سے پاکستان میں کمپنی کی مقبولیت کو برقرار رکھنے کے لیے سرتوڑ کوششیں کی جارہی ہیں ، اسی حوالے سے حال ہی میں پہلی بار پاکستان سے دو نئے موبائل فونز بھی متعارف کروائے گئے۔اب کمپنی کی جانب سے پاکستان میں نوکیا کا سب سے سستا ترین فون نوکیا 103 متعارف کروایا گیا ہے۔ جسکی قیمت 1500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
نوکیا کہ مطابق یہ فون ان افراد کے لیے موزوں ترین ہے جو موبائل فون تو رکھنا چاہتے ہیں لیکن انکا بجٹ اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ وہ موبائل فون خریدسکیں۔ نوکیا 103 بنیادی خصوصیات سے مزین ایک بہترین فون ہے جس میں ٹارچ لائٹ، ایف ایم ریڈیو، ایم پی تھری رنگ ٹونز، گیمز اور سپیکنگ کلاک جیسے کارآمد فیچرز بھی موجود ہیں۔ ان تمام فیچرز کے ساتھ ساتھ فون بہترین بیٹری ٹائمنگ بھی فراہم کرتا ہے۔
نوکیا پاکستان کے نمائیندے عارف شفیق کے مطابق دنیا کی کل آبادی 7 بلین ہے جس میں سے 3.2 بلین لوگوں کے پاس موبائل فون خریدنے کے لیے وسائل موجود نہیں، کمپنی کی کوشش ہے کہ وہ کم قیمت میں معیاری مصنوعات پیش کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ حاصل کر سکیں۔