جادوئی بٹنوں سے مزین ٹچ سکرین : ایک ٹکٹ میں دو مزے

اگر یہ کہا جائے کہ موجود دور ٹچ سکرین موبائل فونز کا ہے تو یہ کسی صورت بھی غلط نہیں ہوگا۔ گو کہ ابھی بھی بہت سی موبائل کمپنیاں بٹنوں والے موبائل فون تیار کر رہی ہیں ، لیکن آپ دیکھیں گے کم و بیش تمام مہنگے اور جدید فیچرز سے مزین فون ٹچ سکرین کے حامل ہوتے ہیں۔

صارفین کی اکثریت ٹچ سکرین موبائل فونز کو پسند کرتی ہے اور انہیں اسے استعمال کرنے میں کسی قسم کی دشواری نہیں ہوتی، مگر آج بھی کچھ لوگوں کو بٹنوں والے موبائل فونز زیادہ موزوں لگتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آئی فون یا سامسنگ کی بجائے بلیک بیری کا انتخاب کرتے ہیں۔تو لیجئے جناب اب سائنسدانوں نے اس کا حل بھی پیش کر دیا ہے۔ Tactus Technology کی جانب سے ایک ایسی ٹچ سکرین پر کام کیا جارہاہے جس میں بوقت ضرورت خود بخود بٹن نمودار ہوجایا کریں گے ، جنہیں آپ محسوس بھی کر سکیں گے اور عام بٹنوں کی طرح زور لگا کر دبا بھی پائیں گے، اور جب آپ کو انکی ضرورت نہیں ہوگی تو یہ سکرین کے اندر ہی جذب ہوجائیں گے۔

ارے جناب یقین نہیں آیا کیا؟ Tactus سکرین دراصل  Microfluidic ٹیکنالوجی کا استعمال کرتی ہے جسکی بدولت یہ بٹن روایتی کی بورڈ کی نسبت کوئی اضافی جگہ نہیں گھیرتے اور جب آپ کو کی بورڈ استعمال کرنا ہو، تو ایک سیال مادہ کی یہ تہہ بٹنوں کا روپ دھار لیتی ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی بدولت نہ صرف موبائل فونز سے بٹنوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا بلکہ ٹیبلیٹ کمپیوٹرز، ٹی وی ریموٹ کنٹرول، ویڈیو گیمز کنٹرولر اور وہ تمام ڈیوائسسز جو بٹنوں کا استعمال کرتی ہیں انہیں اب ٹچ سکرین سے مزین کیا جاسکے گا۔ Tactus Technology کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے مطابق یہ ٹیکنالوجی سال 2013 تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔

اس حیران کن ٹیکنالوجی کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو ملاحظہ فرمائیں:

منبع