مائیکروسافٹ نے Surface ٹیبلیٹ متعارف کروا دی

مائیکروسافٹ کی جانب سے آج کمپنی کی اپنی نئی ٹیبلیٹ Surface متعارف کروا دی گئی ہے۔ونڈوز 8 سے مزین10.6 انچ سکرین کی حامل یہ ٹیبلیٹ یقینی طور پر آئی پیڈ اور دیگر اینڈرائیڈ ٹیبلیٹس کی مدمقابل ہے لیکن اسکی خاص بات یہ ہے کہ اس میں موبائل آپریٹنگ سسٹم کی بجائے ونڈوز 8 کا استعمال کیا گیا ہے۔

مائیکروسافٹ کی جانب سے اس ٹیبلیٹ کے دو ماڈل متعارف کروائے گئے ہیں، جس میں سے ایک ماڈل ونڈوز RTجبکہ دوسرا ماڈل ونڈوز 8 پروفیشنل سے مزین ہے۔

ونڈوز RTورژن ٹیبلیٹ کی موٹائی صرف 9.3mm ہے اور اسکا وزن 676 گرام کے لگ بھگ ہے۔ یہ ماڈل 32 اور 64GB میموری میں دستیاب ہوگا۔ جبکہ میموری کارڈ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس ٹیبلیٹ میں Tegra 3 ARM پراسیسر کا استعمال کیا گیا ہے۔مائیکروسافٹ کی جانب سے ٹیبلیٹ کی قیمت کے بارے میں تو کچھ نہیں بتایا گیا لیکن کہا جارہاہے کہ یہ مارکیٹ میں موجود دیگر ٹیبلیٹس کی قیمت ہی کی ہوگی۔

ٹیبلیٹ کا دوسرا ماڈل جو ونڈوز 8 پروفیشنل سے مزین ہے، یہ ایک لحاظ سے لیپ ٹاپس اور نیٹ بکس کا مد مقابل ہوگا۔ مائیکروسافٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یہ ماڈل 64GB اور 128GB میموری ورژنز میں دستیاب ہوگا۔  یہ ٹیبلیٹ انٹل کور i5 پراسیسر سے مزین ہے۔ مائیکروسافٹ کے مطابق اسکی قیمت مارکیٹ میں موجود لیپ ٹاپس کے برابر ہوگی۔ اسکی موٹائی 13.5mm ہے اور اسکا وزن کم و بیش 903 گرام ہے۔

 


مائیکروسافٹ کی جانب سے ٹیبلیٹ کے ساتھ خصوصی ٹچ اور بٹنوں والے کی بورڈز بھی متعارف کروائے گئے ہیں جو کور کا کام بھی دیتے ہیں۔ اسکے علاوہ Surface میں پین ان پٹ کو بھی شامل کی گیا ہے۔
دونوں ٹیبلیٹس میں ایک سٹینڈ بھی نصب کیا گیا ہے جسکی مددسے آپ اسے بالکل لیپ ٹاپ کی طرح میز پر رکھ کر استعمال کرسکتے ہیں۔

خیال کیا جارہا ہے کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے یہ ٹیبلیٹس ونڈوز 8 کے ساتھ ہی مارکیٹ میں پیش کی جائیں گی۔ لہذا اگر آپ یہ ٹیبلیٹ خریدنے کے خواہاں ہیں تو آپ کو اکتوبر یا نومبر تک انتظار کرنا ہوگا۔

مائیکروسافٹ Surface ٹیبلیٹ کے بارےمیں مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو ملاحظہ کیجئے۔