موبائل فونز بنانے والی عالمی شہرت یافتہ کمپنی نوکیا کی جانب سے اعلان کیاگیا ہے کہ کمپنی اپنے نئے آنے والے دو فونز کو متعارف کروانے کے لیے 15 مئی کو کراچی میں ایک تقریب منعقد کرے گی۔ اس تقریب میں بلاگرز اور ٹیکنالوجی کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے مقامی افراد کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ممالک سے بھی مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
نوکیا کی جانب سے مہمانوں کو بھیجی جانے والی ایک ای میل میں کمپنی نے پاکستان میں صارفین کی جانب سے نوکیا فونز کی پسندیدگی کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ نوکیا عالمی سطح پر اپنے آنے والے دو موبائل فونز پاکستان سے متعارف کروائے گی۔تاہم کمپنی کی جانب سے ابھی ان دو فونز کے بارے میں کسی قسم کی تفصیلات نہیں فراہم کی گئیں ۔
امید ہے نوکیا کے اس اقدام سے جہاں پاکستانی مارکیٹ میں نوکیا فونز کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا وہیں دنیا بھر پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔