گوگل کی جانب سے حال ہی میں اپنے سرچ انجن کو مزید بہتر بنانے کے لیے نالج گراف پراجیکٹ متعارف کروایا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت اب انگریزی زبان میں کی جانے والی سرچ ایک نئے انداز میں پیش کی جائے گی، جس میں گوگل آپ کو تلاش کیے گئے لفظ سے ملتے جلتے الفاظ کا مشورہ دے گا، کیونکہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ایک ہی لفظ کے کئی مطلب ہوتے ہیں یا ایک ہی نام کی کئی مشہور شخصیات ہوتی ہیں ۔ نالج گراف پراجیکٹ کے ذریعے اگر آپ کسی مشہور شخصیت یا جگہ کے بارے میں سرچ کر رہے ہیں تو آپکو اسکی سمری دائیں جانب دکھائی جائے گی اور اس سے ملتے جلتے افراد کی فہرست بھی فراہم کی جائے گی۔
گوگل سرچ کے سربراہ ششی ٹھاکر کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ گوگل سرچ کو اس طرز پر ترتیب دیا جائے کہ یہ بالکل انسانوں کی طرح سوچے، ہم اس پراجیکٹ کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ یہ براہ راست پوچھے گئے سوالات کے جواب بھی دے سکے۔ گوگل کے اس نظام کے تحت فراہم کی جانے والی سمری کی بدولت اب آپ کو کسی بھی شخصیت یا جگہ سے متعلق بنیادی معلومات حاصل کرنے کے لیے وکی پیڈیا یا دیگر ویب سائیٹس پر جانے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی اور گوگل کی جانب سے آپ کو تمام معلومات اسی صفحہ پر فراہم کر دی جائیں گی۔
گوگل نالج گراف میں فی الوقت کم و بیش 500 ملین چیزوں کی معلومات موجود ہیں اور انکے درمیان 3.5 ملین مختلف تعلقات موجود ہیں۔ گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جلد نالج گراف کے نظام کو موبائل فونز ، ٹیبلیٹس اور دیگر زبانوں کے لیے بھی متعارف کروایا جائے گا۔
نالج گراف کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو ملاحظہ فرمائیں: