اگر آپ بلاگنگ کی دنیا سے تعلق رکھتے ہیں تو یقیناً آپ ورڈ پریس کے بارے میں تو ضرور جانتے ہونگے؟ ورڈ پریس Php اور MySQL پر مبنی ایک نظام ہے جسکی مدد سے آپ بلاگ یا کوئی بھی ویب سائیٹ بالکل مفت بنا سکتے ہیں۔ 2003 سے انٹرنیٹ صارفین اور بلاگرز کا پسندیدہ ورڈ پریس آخر کتنا مقبول ہے؟ اس حوالے سے Pingdom کی جانب سے حال ہی میں ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق دنیا کے مشہور ترین بلاگز میں سے 48 فیصد پر ورڈ پریس استعمال کیا جارہا ہے۔ یہاں یہ بات بتاتا چلوں کہ ورڈ پریس صارفین دو قسم کے ہوتے ہیں ایک وہ جنکی ویب سائیٹ ورڈ پریس پر ہوسٹ ہوتی ہے اور ایک وہ جو WordPress.org سے اسے ڈاونلوڈکر کے خود ہوسٹ کرتے ہیں۔ ان 48 فیصد میں 39 فیصد وہ صارفین ہیں جو ورڈ پریس کو اپنی ہوسٹنگ پر استعمال کر رہے اور 9 فیصد وہ جو ورڈ پریس کی سروس استعمال کر رہے ہیں۔
ورڈ پریس کے نمائندہ Matt Mullenweg کے مطابق ورڈ پریس کے مقبولیت کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اسےنہ صرف بلاگنگ بلکہ کم و بیش ہر قسم کی ویب سائیٹ بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، یہ انتہائی آسان اور ہلکا پھلکا نظام ہے ، ورڈ پریس کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اور یہ ہر لحاظ سے انتہائی محفوظ نظام ہے۔کمپنی کو امید ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید بلاگز اور ویب سائیٹس ورڈ پریس کا استعمال کریں گی۔
ورڈ پریس کی مقبولیت کی ایک اور بڑی وجہ یہ ہے کہ اپنے حریفوں Blogger, Tumbler اور Drupal وغیرہ کے مقابلے میں اسکے لیے لاکھوں کی تعداد میں تھیمز اور پلگ ان مفت بھی دستیاب ہیں۔