انٹل کی جانب سے نئے Ivy Bridge پراسیسر متعارف کروا دیے گئے

انٹل کی جانب سے گذشتہ روز منعقد کی جانے والی ایک پریس کانفرنس کے دوران کمپنی کی نئی پراسیسر سیریز متعارف کروا دی گئ ہے۔ ان نئے 22 نینومیٹر پراسیسرز کو Ivy Bridge کا نام دیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے دعوی کیا جارہا ہے کہ یہ نئے پراسیسر پچھلے ورژن Sandy Bridge سے کم و بیش 37 فیصد تیز ہیں اور 50 فیصد کم قوت خرچ کرتے ہیں۔

انٹل کے ان نئے پراسیسرز میں 22 نینو میٹر ٹرانسسٹر ڈیزائن کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ پرانے ورژن میں 32 نینو میٹر ڈیزائن کا استعمال کیا گیا تھا۔ نئے ڈیزائن کی بدولت اب پراسیسر پہلے سے تیز اور بہتر کارکردگی فراہم کریں گے۔ کمپنی کی جانب سے اس نئے ٹرانسسٹر ڈیزائن کو Tri-Gate کا نام دیا گیا ہے جسکی وجہ سے اب پراسیسر کا سائز پہلے سے بہت کم ہوگیا ہے اور کارکردگی پہلے سے بہت بہتر۔

انٹل کے ان نئے پراسیسر میں USB 3.0 ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جسکی بدولت اب صارفین اپنی فائلز کا تبادلہ منٹوں کی بجائے سیکنڈوں میں کر سکیں گے۔ اسی طرح نئے پراسیسر میں گرافکس کی کارکردگی کو بھی بڑھا دیا گیا ہے اور یقیناً گیمز کے شوقین افراد کے لیے یہ ایک اچھی خبر ہے اور انہیں نت نئی گیمز کھیلنے کے لیے گرافک کارڈ الگ سے نہیں لگوانا پڑے گا۔

انٹل کی جانب سے فی الحال Core i5 اور Core i7 کے 13 نئے کواڈ کور پراسیسرز مارکیٹ میں پیش کیے گئے ہیں ، جن میں سے زیادہ تر ڈیسکٹاپ کمپیوٹرز کے لیے ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ الٹرابکس کے لیے نئے پراسیسر آئندہ چند ماہ میں پیش کر دیے جائیں گے۔

منبع