آکاش 2 : قیمت وہی فیچرز پہلے سے بہتر ، اب آئس کریم سینڈوچ کے ساتھ

آپ کو یاد ہوگا کہ سال کے آغاز پر بھارت میں حکومت کے تعاون سے  دنیا کا سب سے سستا ٹیبلیٹ کمپیوٹر آکاش متعارف کروایا گیاتھا۔ اس کا مقصد بھارتی طلباء میں جدید تعلیم کے فروغ کو آسان اور موثر بنانا ہے۔ اس حوالے سے ٹیبلیٹ کی قیمت کم و بیش 40 امریکی ڈالر مقرر کی گئی تھی اور ٹیبلیٹ کی ریکارڈ فروخت نے دنیا بھر کے لوگوں کو حیران کر دیا تھا۔

آکاش ٹیبلیٹ بنانے والی برطانوی کمپنی DataWind جلد ہی بھارت میں آکاش ٹیبلیٹ 2 پیش کرنے جارہی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ٹیبلیٹ کی قیمت وہی 40 ڈالر رکھی گئی ہے لیکن نئی ٹیبلیٹ ہر لحاظ سے بہتر ہے۔

آکاش 2 میں Cortex-A8 700MHz فریکوینسی کا پراسیسر استعمال کیا گیا ہے اور اب اس میں Capacitive ٹچ سکرین نصب کی گئی ہے۔ ٹیبلیٹ کی ریم 256 ایم بی ہے اور بیٹری ٹائم 3 گھنٹے۔

آکاش 2 کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس میں گوگل کا اینڈرائیڈ آئس کریم سینڈوچ آپریٹنگ سسٹم انسٹال ہوگا۔ کیا ؟ واقعی؟ جی ہاں آئس کریم سینڈوچ 4.0 اور وہ بھی ایسی ٹیبلیٹ پر جس میں 700MHz پراسیسر ، 256 ایم بی ریم اور صرف 2GB میموری ہے؟

بظاہر تو یہ بات ناممکن نظر آتی ہے کیونکہ گوگل کی جانب سے اپنے مشہور زمانہ فون نیکسس ون کو آئس کریم سینڈوچ پر اس لیے اپ گریڈ نہیں کیا گیا کیونکہ اس کی ریم صرف 512 ایم بی اور پراسیسر 1GHz تھا۔ جو آئس کریم سینڈوچ چلانے کی اہلیت نہیں رکھتا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ برطانوی کمپنی ڈیٹا ونڈ کسطرح اینڈرائیڈ 4.0 کو اس ٹیبلیٹ پر انسٹال کرتی ہے۔ شاید وہ اسکے لیے خاص طور ہلکا پھلکا ورژن تیار کریں۔ اگر ایسا ممکن ہوجاتا ہے تو یقیناً یہ ان تمام صارفین کے لیے انتہائی اچھی خبر ہے جن کے پاس سستا اینڈرائیڈ فون ہے اور وہ اسے آئس کریم سینڈوچ پر اپ گریڈ کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ اگر آکاش 2 پر اینڈرائیڈ 4.0 چل سکتا ہے تو آپ کے فون پر کیوں نہیں؟

منبع