گوگل کی جانب فائل سٹوریج اور شئیرنگ سروس گوگل ڈرائیومتعارف کروا دی گئی

جیسا کہ ہم نے آپ کو کچھ دن پہلے بتایا تھا کہ جلد ہی گوگل کی جانب سے فائلز محفوظ اور شئیر کرنے کے لیے گوگل ڈرائیو کے نام سے ایک نئی سروس متعارف کروائی جارہی ہے تو جناب آج گوگل نے اس سروس کا آغاز کر دیا ہے۔

سروس کی تفصیلات کم و بیش وہی ہیں جن سے ہم آپ کو پہلے آگاہ کر چکے ہیں:

  •  یعنی 5GB جگہ ،اور مزید جگہ خریدنے کی سہولت ۔
  • گوگل کی جانب سے ڈرائیو کے لیے ونڈوز، میکنٹوش اور اینڈرائیڈ کے لیے سافٹوئیر جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ ایپل آئی او ایس کےلیے ایپلی کیشن جلد فراہم کر دی جائے گی۔
  • گوگل ڈرائیو 30 سے زائد اقسام کی فائلز کھول سکتی ہے۔
  • کروم ویب سٹور سے مزید مختلف ایپلی کیشنز انسٹال کرنے کی سہولت۔


گوگل کی جانب سے اب گوگل ڈاکس کو بھی ڈرائیو میں ضم کر دیا گیا ہے اور اب اگر آپ docs.google.com پر جائیں تو وہ آپ کو گوگل ڈرائیو پر منتقل کر دے گا۔

ماہرین کے مطابق گوگل کی یہ نئی سروس ان صارفین اور کاروباری اداروں کے لیے زیادہ سود مند ثابت ہوگی جو پہلے ہی گوگل ایپس کا استعمال کر رہے ہیں ، اسی طرح امید کی جارہی ہے کہ اب صارفین کو گوگل کروم آپریٹنگ سسٹم میں جگہ کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا او وہ باآسانی اپنی تمام فائلز ڈرائیو پر محفوظ کر سکیں گے۔

گوکہ اس سے قبل بھی ڈراپ باکس اور سکائی ڈرائیو جیسی سروسز صارفین کو فائل شئیرنگ اور انہیں محفوظ رکھنے کی سروس فراہم کر رہی ہیں لیکن گوگل کی سروس ان تمام کمپنیوں کے مقابلے میں کافی سستی ہے۔ امید ہے کہ گوگل جلد ہی اپنی ڈرائیو سروس کو گوگل پلس، جی میل ، کروم او ایس اور دیگر گوگل سروسز کے ساتھ منسلک کر کے صارفین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب کھینچ لائے گا۔

آپ گوگل کی یہ سروس drive.google.com پر جا کر حاصل کر سکتے ہیں، اگر آپکے پاس پہلے سے گوگل اکاونٹ موجود نہیں تو آپ کو نیا اکاونٹ بنانا ہوگا۔ ہوسکتا ہے کہ آپکے اکاونٹ پر فوری طور پر گوگل ڈرائیو سروس میسر نہ ہو لہذا اسکے لیے تھوڑا انتظار کرنا ہوگا۔