ٹوئٹر اب عربی ، اردو ، فارسی اور عبرانی زبان میں بھی دستیاب

گذشتہ روز  ٹوئٹر کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ کمپنی ٹوئٹر کو عربی ، اردو ، فارسی اور عبرانی زبان میں باقاعدہ طور پر لانچ کر رہی ہے۔


ٹوئٹر کی جانب سے ان چار زبانوں کو ٹوئٹر ٹرانسلیشن سینٹر میں 25 جنوری کو شامل کیا گیا ۔ اس حوالے سے ترجمہ کے لیے دنیا بھر سے 13 ہزار رضاکاروں نے اپنی خدمات پیش کیں۔ اور ایک ماہ سے کچھ زائد عرصہ میں ہی ٹوئٹر کو ان زبانوں میں منتقل کر دیا گیا۔جسکی بدولت اب ٹوئٹر دائیں سے بائیں لکھی جانے والی ان مشہور زبانوں میں بھی دستیاب ہے۔

ٹوئٹر کا ترجمہ کرنے والے رضاکاروں کا تعلق مختلف شعبہ جات سے تھا جن میں بلاگرز ، میڈیا کے نمائیندے ، پروفیسر اور آئی ٹی ماہرین شامل ہیں۔ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ اردو زبان میں ترجمہ کرنے والوں میں آئی ٹی نامہ بھی سرفہرست ہے۔

ان زبانوں کے شامل ہوجانے سے اب ٹوئٹر کل 28 زبانوں میں دستیاب ہے۔ گو کہ ٹوئٹر انتظامیہ کے لیے دائیں سے بائیں لکھی جانے والی زبانوں کو ویب سائیٹ میں شامل کرنا ایک مشکل کام تھا لیکن ٹوئٹر ٹیم نے اس مقصد کے خصوصی ایپلی کیشنز متعارف کروائی ہیں۔

آپ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی زبان اس لنک پر جا کر تبدیل کر سکتے ہیں: http://twitter.com/settings/account