140 حروف میں اپنی بات دوسرے لوگوں تک پہنچانا یقیناً کافی مشکل کام ہے، لیکن ٹوئٹر صارفین کے لیے یہ کوئی مشکل کام نہیں اور وہ گذشتہ 6 سالوں سے سماجی رابطہ کی اس ویب سائیٹ پر اپنے پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز دوستوں اور پوری دنیا کے ساتھ شئیر کر رہے ہیں۔
چند روز قبل ٹوئٹر کی جانب سے اپنی چھٹی سالگرہ کے موقع پر چند اعدادو شمار جاری کیے گئے ، جن کے مطابق اس وقت ٹوئٹر پر کم و بیش 140 ملین ایکٹیو صارفین موجود ہیں جو روزانہ 340 ملین سے زیادہ ٹوئیٹس کرتے ہیں یعنی اس حساب سے 3 دنوں میں 1 بلین ٹوئیٹس۔
ٹوئٹر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ سروس باقی سماجی روابط کی ویب سائیٹس سے کافی مختلف ہے، آپ کو صرف 140 حروف میں اپنا پیغام دوسروں تک پہنچانا ہوتا ہے لہذا لوگ صرف کام کی بات لکھتے ہیں، اسکی مقبولیت کا اندازہ کچھ یوں لگایا جاسکتاہے کہ وہ صارفین جو فیس بک یا دیگر سماجی روابط کی ویب سائیٹس استعمال کرتے ہیں ان کی اکثریت ٹوئٹر بھی استعمال کرتی ہے۔
یاد رہے کہ اب ٹوئٹر اردو زبان میں بھی دستیاب ہے ، اردو ترجمہ کے لیے پاکستان اور دنیا بھر سے آئی ٹی نامہ سمیت دیگر رضاکاروں نے اس کار خیر میں حصہ لیا۔ مزید تفصیلات کے لیے یہ تحریر ملاحظہ فرمائیں۔