مائیکروسافٹ کی ایک ریسرچ ٹیم نے ایسا سافٹوئیر تیار کیا ہے جو آپکی آواز کو سن کر اس کا ترجمہ کسی دوسری زبان میں کر دیتا ہے اور پھر اسے آپکی آواز میں ہی بولتا ہے۔ اس سافٹوئیر کی مدد سے آپ وہ زبانیں بھی بول سکتے ہیں جنہیں آپ نہیں جانتے۔
اس سافٹوئیر کی تیاری میں شامل ریسرچر فرانک سونگ نے گذشتہ ہفتے واشنگٹن میں اسکا مظاہرہ کیا ، جہاں پر انہوں نے اپنے باس رچرڈ رشید کی آواز کا ترجمہ ہسپانوی زبان میں سنایا ، اسی طرح انہوں نے ایک ریسرچر کی آواز کو چینی زبان میں بدل دیا۔
سونگ جو کہ مائیکروسافٹ ریسریچ سنٹر ایشیاء میں کام کرتے ہیں انکا کہنا تھا کہ اس سافٹوئیر کا فائدہ وہ لوگ اٹھا سکتے ہیں جنہیں اپنی زبان کے علاوہ کوئی اور زبان نہیں آتی ،ایسے لوگ اگر کسی دوسرے ملک کا سفر کرتے ہیں تو انہیں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ سافٹوئیر آپکی آواز سے احکامات لے کر ان کا ترجمہ کرتا ہےاور پھر اسے آپکی آواز میں ہی بولتا ہے۔
اس سافٹوئیر کی مدد سے آپ غیر ملکی زبانیں بھی سیکھ سکتے ہیں کیونکہ یہ ان تراجم کو آپکی آواز میں ہی دہرائے گا لہذا آپ کے لیے لہجہ کا انتخاب آسان ہوجائے گا۔اسی طرح اس ایپلی کیشن کی مدد سے آپ غیر ملکی زبان میں لکھا گیا ٹیکسٹ بھی اپنی زبان میں سن سکتے ہیں۔سونگ کے مطابق فی الحال یہ سسٹم دنیا کی 26 زبانوں میں تراجم کر سکتاہے۔
اسی حوالے سے لاس اینجلس کے ایک پروفیسر شری کانت نارائین ایک ایسے ریسرچ پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں جو آواز کے اتار چڑھاو اور تاثرات کو ریکارڈ کرے، اور پھر جب اسے سافٹوئیر استعمال کرے تو وہ بھی ویسے ہی بولے۔
ابھی یہ سافٹوئیر تیاری کی مراحل میں ہے ، ماہرین کے مطابق ہو سکتا ہے کہ سافٹوئیر اتنا اچھا کام نہ کرے کیونکہ ہر انسان کی زبان اور لہجہ مختلف ہوسکتا ہے ، لیکن پھر یہ کافی حد تک مددگار ثابت ہوگا۔