موبائل فونز بنانے والی مشہور زمانہ کمپنی نوکیا کی جانب سے چند روز قبل موبائل ورلڈ کانگرس 2012 میں نوکیا 808 پیور ویو نامی ایک نیا سمارٹ فون متعارف کروایا گیا ۔ ویسے تو یہ فون ایک تیزی سے ختم ہوتے آپریٹنگ سسٹم سیمبئین سے مزین ہے لیکن آخر اس میں ایسی کیا بات ہے کہ اس نے پوری دنیا کو اپنا دیوانہ بنا لیا ہے؟
تو جناب اس فون کی سب سے خاص بات ہے اس میں نصب کیمرہ۔ جو کہ ہے 41 میگا پکزل۔ جی ہاں کوئی دو چار میگا پکزل کی بات نہیں ہورہی اس فون میں نصب ہے Carl Zeiss کا پورے 41 میگا پکزل کا سنسر۔ اس فون کی مدد سے آپ 38 میگا پکزل ریزولیوشن تک کی تصاویر کھینچ سکتے ہیں۔ جبکہ اگر آپ عام 5 میگا پکزل یا اس سے چھوٹی تصاویر اتاریں تو آپ چاہے جتنا مرضی زوم کرلیں ، تصویر کے پکزل بالکل نہیں پھٹیں گے ۔
تاریکی میں تصاویر اتارنے کے لیے فون میں Xenon فلیش لائیٹ بھی نصب کی گئی ہے۔ آپ اس فون کی مدد سے ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز بھی بنا سکتے ہیں اور 41 میگا پکزل سنسر کی بدولت جب آپ ویڈیو میں زوم کی آپشن استعمال کریں گے تو تصویر کی پکزل کوالٹی ویسی ہی رہے گی۔ جبکہ عام موبائل کیمروں میں تصویر کے پکزل پھٹ جاتے ہیں۔
فون میں سیمبئین بیلے آپریٹنگ سسٹم کا استعمال کیا گیا ہے جو کہ اینڈرائیڈ ، آئی او ایس اور ونڈوز فون کے مقابلے میں کم درجے کا آپریٹنگ سسٹم ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ فون میں 4 انچ لمبی AMOLED ایل سی ڈی نصب کی گئی ہے جسکی ریزولیوشن صرف 640×360 ہے ۔
گو کہ فون کی کوالٹی ، آپریٹنگ سسٹم اور دیگر فیچرز بالکل عام سے ہیں لیکن 41 میگا پکزل کیمرہ کی بدولت یہ فون مارکیٹ میں موجود تمام سمارٹ فونز سے ممتاز ہے۔ نوکیا کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس فون کی فروخت مئی کے مہینے میں شروع کر دی جائے گی اور ابتدائی طور پر اسکی قیمت 600 امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہوگی۔
اگر آپ اچھے سمارٹ فون کی تلاش میں ہیں تو یقیناً آپ کو یہ فون پسند نہیں آئے گا۔ کیونکہ یہ کافی موٹا ، ہلکی کوالٹی اور عام سے فیچرز سے مزین ہے۔ لیکن اگر آپ اچھے کیمرہ فون کی تلاش میں ہیں تو یقیناً مارکیٹ میں اس فون سے اچھا کیمرہ کسی موبائل میں نصب نہیں ۔