اگر آپ انٹرنیٹ سے تعلق رکھتے ہیں تو آپ نے گوگل کی سروس گوگل ویو کے بارے میں ضرور سنا ہوگا۔ گوگل کی جانب سے اگست 2010 میں اعلان کیا گیا تھا کہ کمپنی اس پراجیکٹ کو ختم کر رہی ہے۔
گوگل ویو کی ناکامی کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ اکثر صارفین کو اسکے بارے میں سمجھ ہی نہیں آسکی ، اسکا انٹرفیس کافی مشکل تھا۔ اس علاوہ فیس بک اور ٹوئٹر کے مقابلے میں گوگل ویو کے لیے مقابلے کا کوئی موقع ہی نہیں تھا۔
اسی سروس کے حوالے سے گوگل کی جانب سے اپنے تمام ویو صارفین کو ایک ای میل ارسال کی گئی کہ گوگل ویو سروس 30 اپریل 2012 کو مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔
مگر ٹھہریے، گوگل نے یہاں پر ایک غلطی کر دی، گوگل کی جانب سے بھیجا گیا پیغام Google Wave نہیں بلکہ Google Wage کی طرف سے بھیجا گیا۔ گو کہ یہ انتہائی چھوٹی سی غلطی ہے ، اکثر اوقات ہم ای میل کرتے ہوئے کئی غلطیاں کرتے ہیں لیکن چونکہ ٹائپنگ کی غلطی گوگل کی طرف سے کی گئ لہذا دنیا بھر کے میڈیا نے گوگل کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ لیکن کچھ لوگوں کے مطابق گوگل کی جانب سے ایسا جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔
گوگل کی اس غلطی سے ظاہر ہوتا کہ دنیا کہ مشہور ترین کمپنیاں بھی غلطیوں سے پاک نہیں، اگر ای میل بھیجنے میں غلطی ہوسکتی ہے تو پالیسی بنانے میں بھی ایسا ہوسکتا ہے؟