ایپل کے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 5 میں متعارف کروائی جانے والی ایپلی کیشن سری کے متعلق تو آپ یقیناً جانتے ہی ہونگے۔ یہ ایک پرسنل اسسٹنٹ ایپلی کیشن ہے۔ یہ ایپلی کیشن آواز کے ذریعے احکامات وصول کرتی ہے اور آپ کے سوالات کے جواب اور دیگر حکم بجا لاتی ہے۔
سری کی کامیابی بھی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ محض اس ایپلی کیشن کی بدولت ایپل نے آئی فون 4 S کی ریکارڈ سیل کی۔ گو کہ سری کے مقابلے میں بہت سی ایپلی کیشنز متعارف کروائی گئیں۔ لیکن انکا معیار اور کارکردگی سری کے مقابلے میں انتہائی ناقص رہا۔ اطلاعات کے مطابق گوگل کی جانب سے یہ فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ اب وہ بھی اپنے موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ میں سری کی طرز کی ایک ایپلی کیشن متعارف کروائے گی۔ جسے گوگل اسسٹنٹ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ پراجیکٹ اینڈرائیڈ ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے جسے گوگل کے انجنیئر امیت سنگھال دیکھ رہے ہیں۔
گوگل کی جانب سے اس ایپلی کیشن کی تیاری میں 3 اصولوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔
- تمام معلومات اکٹھی کی جائیں اور انہیں کمپیوٹر کے لیے قابل فہم بنایا جائے۔
- ہر صارف کو ایپلی کیشن سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے پرسنلائزیشن کی جائے۔
- ایک ایسا نظام بنایا جائے جو نہ صرف معلومات اکٹھی کرے بلکہ دیگر کام بھی سرانجام دے۔
گوگل کی جانب سے اس ایپلی کیشن کو مزید بہتر بنانے کے لیے دنیا بھر کے ایپلی کیشن ڈیویلپرز کو بھی اس پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔ تاکہ اینڈرائیڈ کی تمام ایپلی کیشنز میں اسسٹنٹ کو شامل کیا جاسکے۔ مثال کے طور پر اگر فیس بک ایپلی کیشن میں اسسٹنٹ کو شامل کر دیا جائے تو آپ اپنا سٹیٹس بذریعہ صوتی حکم اپ ڈیٹ کر سکیں گے۔
اطلاعات کے مطابق گوگل کا یہ پراجیکٹ اس سال کے اختتام پر متعارف کروایا جائے گا۔ لہذا امید کی جاسکتی ہے کہ یہ ایپلی کیشن یقیناً ایپل سری کا مدمقابل ثابت ہوگی۔