آپ کو یاد ہوگا کہ اس ماہ کے آغاز پر الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرا کے تعاون سے پاکستانی ووٹرز کے لیے ایک ایس ایم ایس سروس کا آغاز کیا گیا تھا ۔ جسکے ذریعےاہل ووٹرز نئی کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹوں میں اپنے اندراج کی تفصیلات بذریعہ ایس ایم ایس حاصل کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی اس سروس کے ذریعے کم وبیش 85 ملین پاکستانی اپنے ووٹ کے اندراج کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں ، سروس کے آغاز سے لے کر اب تک صرف دو ہفتوں کے دوران قریباً 4.5 ملین صارفین اس سے استفادہ حاصل کر چکے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اپنی طرز کی پہلی اور سب سے بڑی ایس ایم ایس سروس متعارف کروانے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے نامزد کر لیا گیا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ کی جانب سے الیکشن کمیشن سے سروس کے مزید تفصیلات کے بارے میں معلومات مانگ لی گئی ہیں۔اس حوالے سے حتمی نتائج کا اعلان چار سے پانچ ہفتوں میں کر دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کی اس ایس ایم ایس سروس میں صارفین نئی کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹوں میں اپنا اندراج دیکھنے کے لیے اپنے موبائل فون سے 8300 پر اپنا قومی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر ارسال کریں۔جیسے 3500454565465 اور اسے 8300 پر بھیج دیں۔ جوابی ایس ایم ایس میں آپکو اردو زبان میں آپکا شناختی کارڈ نمبر ، انتخابی علاقہ ، بلاک کوڈ اور سیریل نمبر بھیجا جائے گا۔ کسی بھی قسم کی غلطی یا اندراج نہ ہونے کی صورت میں آپ الیکشن کمیشن سے رابطہ کر کے اسکی تصیح کروا سکتے ہیں۔