حال ہی میں Internet Service Providers Association of Pakistan کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں براڈبینڈ صارفین کی تعداد 5 ملین سے زائد ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے کے پاس مختلف براڈ بینڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے 1.79 ملین کنکشن رجسٹرڈ ہیں۔
گو کہ فی الحال پی ٹی سی ایل ، وطین اور ورلڈ کال کے علاوہ باقی کمپنیاں صرف چند بڑے شہروں میں ہی اپنی سروس فراہم کر رہی ہیں لیکن اسکے باوجود براڈ بینڈ صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔ اس اضافہ کی بڑی وجہ براڈبینڈ کے شعبے میں مقابلہ بازی ہے جسکی وجہ سے تمام کمپنیاں اپنے ریٹس کم کر رہی ہیں اور صارفین ماہانہ 300 روپے تک میں براڈبینڈ سروس حاصل کرسکتے ہیں۔
براڈ بینڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں مختلف ٹیکنالوجی استعمال کرتی ہیں جیسے وائی میکس ، ڈی ایس ایل ،ایف ٹی ٹی ایچ اور ایچ ایف سی، جسکی بدولت ہر قسم کے صارفین یہ سروس حاصل کرسکتے ہیں۔ دفاتر اور گھروں میں عام طور پر ایک براڈ بینڈ کنکشن کو ایک زیادہ لوگ استعمال کرتے ہیں اور مقصد کے لیے وائی فائی یا انٹرنیٹ شئیرنگ کے دیگر طریقے استعمال کیے جاتے ہیں۔
پاکستان میں اس وقت کل انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 22 ملین کے قریب ہوچکی ہے، براڈ بینڈ کے علاوہ موبائل انٹرنیٹ سروس کے استعمال میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ تھری جی ٹیکنالوجی کے آنے سے صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔