گوگل کے مشہور براؤزر کروم کے بارے میں تو آپ یقیناً جانتے ہونگے۔ کروم نہ صرف ایک تیز رفتار بلکہ محفوظ براوزر بھی ہے۔
گوگل کی جانب سے جب اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم متعارف کروایا گیا تو توقع کی جارہی تھی کہ اس میں کروم براؤزر کو تو لازمی شامل کیا جائے گا ۔ لیکن اینڈرائیڈ کے کئی ورژن آئے مگر ان میں کروم کو شامل نہیں کیا گیا۔ گو کہ اینڈرائیڈ کا سٹاک براؤزر بھی کروم ہی کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ مگر صارفین کی جانب سے بار بار اس بات کا مطالبہ کیا جارہا تھا کہ کروم کا موبائل ورژن بھی جاری کیا جائے۔
حال ہی میں گوگل کی جانب سے صارفین کے پرزور اصرار پر گوگل کروم کو اینڈرائیڈ فونز کے لیے جاری کر دیا گیا ہے۔ لیکن یہاں پر تھوڑا سا مسئلہ یہ ہے کہ کروم صرف اینڈرائیڈ 4.0 آئس کریم سینڈوچ کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
کروم کے اس موبائل بیٹا ورژن کو خصوصی طور پر آئس کریم سینڈوچ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ سٹاک براؤزر کے مقابلے میں نہ صرف تیز بلکہ کئی نئے فیچر بھی فراہم کرتا ہے۔ آپ اب اپنے کمپیوٹر سے تمام بک مارکس اور سرچ ہسٹری کو اپنے موبائل پر منتقل کر سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ آپ کسی بھی ویب سائیٹ کو ڈاؤنلوڈ کرکے اسے بعد ازاں آف لائین بھی دیکھ سکتے ہیں۔
گوگل اینڈرائیڈ کروم میں آپ موبائل سے کسی بھی ویب سائیٹ کو اپنے کمپیوٹر پر بھیج سکتے ہیں ، اسی طرح ٹیبز کے استعمال کو کافی موثر بنایا گیا ہے۔ گوگل کروم میں پرائیویٹ براؤزنگ کے آپشن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
گو کہ اینڈرائیڈ کے براؤزر کے مقابلے میں کروم یقیناً بہت اچھا ہے لیکن اس میں فلیش کی سہولت میسر نہیں ہے ، اور ایڈوبی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ اینڈرائیڈ کروم کے لیے پلگ ان جاری کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ یقیناً فلیش کا فیچر آج کل ویب سائیٹس کو اچھے طریقے سے دیکھنے کے لیے کافی اہم ہے لیکن بدقسمتی سے کروم شاید یہ فیچر کبھی بھی حاصل نہ کر پائے۔
گوگل کی جانب سے کروم کو صرف اینڈرائیڈ 4.0 آئس کریم سینڈوچ کے لیے متعارف کروایا گیا ہے لیکن امید کی جارہی ہے کہ ڈیلویلپرز اپنے طور پر جلد ہی اسے اینڈرائیڈ کے پرانے ورژنز کے لیے بھی تیار کر لیں گے۔ اگر آپ کے پاس اینڈرائیڈ آئس کریم سینڈوچ سے مزین فون ہے تو آپ کروم کو اس ربط سے ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں۔ اس براؤزر کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو ملاحظہ کریں: