الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یکم مارچ 2012 سے بذریعہ ایس ایم ایس ووٹ کے اندراج کی تصدیق کا نظام متعارف کروا دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے نمائیندے کے مطابق اس سروس کے ذریعے اہل ووٹرز نئی کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹوں میں اپنے اندراج کی تفصیلات بذریعہ ایس ایم ایس حاصل کر سکیں گے۔ یکم مارچ سے شروع ہونے والی اس سروس کے ذریعے ووٹر اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ارسال کریں گے۔ جسکے جوابی ایس ایم ایس میں اردو زبان میں ووٹر کا نام ، شہر کا نام ،انتخابی علاقہ کا نام اور ووٹر کا سیریل نمبر ارسال کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے اس سروس میں ووٹرز کی پرائیویسی کا خاص خیال رکھا گیا ہے لہذا اس ایس ایم ایس میں ووٹر کے گھر کا پتہ شامل نہیں کیا گیا ، تاکہ کوئی اور شخص اسکا غلط استعمال نہ کر سکے۔ 8300 پر بھیجے جانے والے ہر ایس ایم ایس کے چارجز 2 روپے علاوہ ٹیکس ہونگے۔
الیکشن کمیشن کے نمائیندے کے مطابق اس سروس کے متعارف کروائے جانے کے بعد ہر اہل ووٹر کا فرض ہے کہ وہ اپنے اندراج سے متعلق معلومات کی تصدیق کرے اور کسی بھی قسم کی غلطی کی صورت میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ کرے تاکہ آئیندہ انتخابات میں اہل ووٹرز ووٹ کے حق سے محروم نہ رہیں۔