13 منٹ میں 5200 بلیک بیری پلے بکس چوری

امریکہ جہاں باقی معاملات میں دنیا کے دیگر ممالک سے تھوڑا آگے ہے وہیں چوری اور ڈکیتی میں بھی یہ نمبر ون ہے۔ حال ہی میں  امریکہ کی ریاست انڈیانا میں ڈاکووں نے  دن دیہاڑے مصروف شاہراہ پر ایک یا دو نہیں پورے 5200 بلیک بیری پلے بک ٹیبلیٹس لوٹ لیں جن کی مالیت کم و بیش 1.7 ملین ڈالر کے قریب ہے۔

یہ واقع اس وقت پیش آیا جب 5200 ٹیبلیٹس لے کر ایک ٹرک انڈیانا سے روانہ ہوا۔ ٹرک ڈرائیور راستے میں ایک سٹاپ پر رک کر سستانے اور کھانے پینے کے غرض سے قریبی ہوٹل میں گیا لیکن جب واپس آیا تو ٹرک کا نام و نشان تک نہ تھا۔

خفیہ کیمروں کے مدد سے حاصل ہونے والی ویڈیو کے مطابق ڈاکووں نے صرف 13 منٹ کے قلیل عرصہ میں اپنی کاروائی مکمل کی اور ٹرک لے کر رفو چکر ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈاکو تربیت یافتہ معلوم ہوتے ہیں۔

بلیک بیری پلے بکس بنانے والی کمپنی آر آئی ایم پہلے ہی کافی بحرانوں کا شکار ہے اور 1.7 ملین کے یہ چوری یقیناً کمپنی کی کمر توڑنے کے لیے کافی ہے۔

کمپنی نمائیندے کے مطابق تمام پلے بکس کے سیریل نمبر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سپرد کر دیے گئے ہیں اور ان پلے بکس کے اپڈیٹس کو بھی بلاک کر دیا گیا۔ جو کوئی شخص بھی ان پلے بکس کو استعمال کرتا ہوا پایا جائے گا اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔

لیکن جو لوگ 13 منٹ میں 5200 پلے بکس چرا سکتے ہیں انکے لیے کیا مشکل ہے کہ وہ سیریل نمبر تبدیل کرکے انہی پلے بکس کو سستے داموں بیچ ڈالیں۔

منبع