گذشتہ روز موبی لنک کی جانب سے ایچ ٹی سی کا ونڈوز سمارٹ فون ’راڈار‘ متعارف کروایا گیا۔ اس حوالے سے لاہور میں مائیکروسافٹ اور ایچ ٹی سی کے تعاون سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے بلاگرز اور پروفیشنلز نے شرکت کی ۔ اس موقع پر موبی لنک ، ایچ ٹی سی اور مائیکروسافٹ کے نمائیندوں نے اظہار خیال کیا اور سمارٹ فونز کے حوالے سے مستقبل قریب میں اپنے منصوبوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
تقریب میں شرکاء کی دلچسی کو بڑھانے کے لیے مختلف ذہنی آزمائیشوں کو بھی شامل کیا گیا جس میں جیتنے والوں کو انعامات اور ایک خوش نصیب کو ایچ ٹی سی راڈار فون بھی تحفہ میں دیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کو تحائف دیے گئے اور کھانے کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے دوران متعارف کروایا گیا سمارٹ فون شرکاء کو خاص متاثر نہ کر سکا، گو کہ فون جدید ترین فیچرز سے مزین ہے لیکن میموری کارڈ اور براؤزنگ کے لیے ایڈوبی فلیش کی کمی کو محسوس کیا گیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایچ ٹی سی اور موبی لنک کی جانب سے یہ فون پاکستانیوں کے لیے متعارف کروایا گیا لیکن افسوس کہ اس میں پاکستانیوں کی زبان اردو کو شامل نہیں کیا گیا۔ لہذا آپ اس فون پر نہ تو اردو میں ایس ایم ایس کر سکتے ہیں اور نہ ہی اردو ویب سائیٹس دیکھ سکتے ہیں۔