حال ہی میں اوبنٹو کا نیا ورژن 11.10 جاری کیا گیا ہے۔ اس ورژن کو Oneiric Ocelot کا نام دیا گیا ہے۔ نام تو کافی عجیب و غریب ہے لیکن نیا ورژن باقی لحاظ سے کافی اچھا ہے۔
اوبنٹو کے نئے ورژن میں بہت سی تبدیلیاں اور نئے فیچرز کو شامل کیا گیا ہے۔ 11.04 میں متعارف کروائے گئے سسٹم ڈیش کو مزید جدت دی گئی ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے صارف اپنی مطلوبہ فائلز یا ایپلی کیشنز کو باآسانی تلاش کر سکتا ہے۔ ڈیش کا یہ سسٹم اوبنٹو سافٹوئیر سینٹر سے منسلک ہے لہذا اگر آپ اس کے ذریعے نئی ایپلی کیشنز بھی انسٹال کر سکتے ہیں۔
اوبنٹو میں ایک نیا لانچر بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ ایپل کے میکنٹوش سسٹم ڈاک سے ملتا جلتا ہے۔ سکرین کی بائیں جانب موجود اس لانچر کے ذریعے آپ اپنی پسندیدہ ایپلی کیشن کو باآسانی چلا سکتے ہیں ، اور اس میں اپنی پسند کی ایپلی کیشنز شامل یا ختم کر سکتے ہیں۔
اسی طرح دو ایپلی کیشنز کے درمیان سوئچ کرنے کے لئے بھی Alt+Tab کو بھی مائیکروسافٹ ونڈوز کی طرز پر ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صارفین Alt+Grave (‘) کے ذریعے ایک ہی ایپلی کیشن جیسے فائر فاکس کی مختلف ٹیب کے درمیان سوئچ کر سکتے ہیں۔
اوبنٹو کے اس ورژن میں ایک نئی لاگ ان سکرین متعارف کروائی گئی ہے اور اسےLightDM کا نام دیا گیا ہے۔ جو کہ پہلے سے زیادہ بہتر اور تیز ہے۔
اوبنٹو کے نئے فیچرز کے حوالے سے یہ ویڈیو ملاحظہ فرمائیں۔
نئے ورژن کے حوالے سےیہاں صرف چند تبدیلیوں اور فیچرز کا ذکر کیا گیا ہے، مکمل فیچرز کے بارے میں جاننے کے لئے یہاں کلک کریں اور اسے ڈاون لوڈ کریں۔ کیونکہ یہ بالکل مفت ہے۔ لہذا ٹرائی کرنے میں کیا حرج ہے؟