گوگل کے نیکسس فونز کی شہرت کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ہر نیا آنے والا نیکسس فون ہمیشہ اینڈرائیڈ کا ایک نیا ورژن متعارف کرواتا ہے۔
اس سیریز کا پہلا فون نیکسس ون تھا جسے سمارٹ فون بنانے والی مشہور زمانہ کمپنی ایچ ٹی سی نے تیار کیا تھا۔یہ فون جنوری 2010 میں پیش کیا گیا اور عالمی سطح پر اسکی خوب پزیرائی کی گئی۔ نیکسس سیریز کا اگلا فون نیکسس ایس دسمبر 2010 میں پیش کیا گیا اور اسے اینڈرائیڈ کے حوالے سے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی کمپنی سام سنگ نے تیار کیا۔
اس سال متعارف کروایا جانے والا فون گلیکسی نیکسس بھی سام سنگ نے ہی تیار کیا ہے۔اس فون میں گوگل کا نیا آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 4.0 آئس کریم سینڈوچ استعمال کیا گیا ہے۔ جو کہ پچھلے تمام ورژن سے مختلف اور بہتر ہے۔
ساخت کہ اعتبار سے نیا فون نیکسس ایس سے ملتا جلتا ہے اور اسکی سطح بھی تھوڑی سے خم دار ہے لیکن اس بار فون کی سامنے والی جانب کسی قسم کا کوئی بٹن موجود نہیں۔اسکی ایک وجہ یہ ہے کہ فون آئس کریم سینڈوچ سے مزین ہے جس میں بٹن سکرین کے اندر ہی موجود ہیں۔ یاد رہے کہ اس فون کو اینڈرائیڈ ہنی کومب کی بنیاد پر تخلیق کیا گیا ہے۔
فون میں 4.65 انچ کی ایک بڑی ایکٹیو میٹرکس او ایل ای ڈی سکرین نصب ہے جو کہ 1280×720 پکزل کی ہائی ڈیفینیشن ریزولیوشن فراہم کرتی ہے۔ فون کی سکرین بہترین تصویر اور جان دار رنگوں کی حامل ہے۔
فون میں دو کیمرے نصب ہیں، سامنے کی جانب 1.3 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے جو ویڈیو کالنگ وغیرہ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ فون کی پشت پر 5 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے جو شاید اس مہنگے فون کے شایان شان تو نہیں کیونکہ آج کل میگا پکزل کی دوڑ لگی ہوئی ہے اور ہر نیا آنے والا فون زیادہ میگا پکزل کا حامل ہوتا ہے۔ لیکن امید ہے کہ اچھے لائیٹ سنسر اور آئس کریم سینڈوچ سافٹ وئیر کی بدولت یہ فون کسی بھی 8 میگا پکزل کیمرہ کا باآسانی مقابلہ کر سکتا ہے۔
گلیکسی نیکسس میں 1.2GHz کا تیز رفتار ڈؤل کور پراسیسراور 1GB ریم نصب ہے جسکی بدولت فون ایک وقت میں کئی ایپلی کیشنز باآسانی چلا سکتا ہے۔فون 2 ماڈلز 16GB اور 32GB میں دستیاب ہے لیکن اس فون میں میموری کارڈ کی آپشن موجود نہیں۔
اسکے علاوہ فون میں 4G ، وائی فائی ، بلیو ٹوتھ ، جی پی ایس ، بیرومیٹر ، ایچ ڈی ایم آئی اور ان ایف سی جیسے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں
ان عمدہ فیچرز اور آئس کریم سینڈوچ آپریٹنگ سسٹم کی بدولت گلیکسی نیکسس یقیناً ایک بہترین سمارٹ فون ہے، اور اگر آپ اینڈرائیڈ سسٹم کے مداح ہیں تو یقیناً یہ فون آپکے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ گلیکسی نیکسس سال 2011 کے آخر تک دستیاب ہوگا۔ فون کے متعلق مزید معلومات جاننے کے لیے یہ ویب سائیٹ ملاحظہ کریں۔