Siri : آپکی نئی پرسنل اسسٹنٹ

Siri سے مراد نہ تو بکرے کی سری ہے اور نہ ہی سری دیوی، بلکہ Siri ایپل کی تیار کردہ ایک پرسنل اسسٹنٹ ایپلی کیشن ہے۔  یہ ایپلی کیشن آواز کے ذریعے احکامات وصول کرتی ہے اور آپ کے سوالات کے جواب اور دیگر حکم بجا لاتی ہے۔ فون کے ساتھ بات چیت کرنا لگتا تو مضاحقہ خیز ہے لیکن ابھی تو یہ ابتداء ہے آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔

Siri آپکی تمام باتوں کو بخوبی سمجھتی ہے۔ مثال کے طور پر آپ کو دفتر میں کچھ دیر ہوگئی ہے اور آپ اپنی والدہ کو مطلع کرنا چاہتے ہیں کہ میں کچھ دیر سے آؤں گا۔ بس Siri کو کہیے کہ وہ آپ کی والدہ کو مطلع کر دے اور سمجھیں کہ کام ہوگیا۔ Siri فون میں سے آپ کے گھر کا نمبر تلاش کرے گی اور اس پر پیغام ارسال کردے گی۔

Siri آپکی باتوں کو سمجھتی ہے اور اسکے لحاظ سے ہی جواب دیتی ہے، مثال کے طور پر آپ اسے کہتے ہیں کہ میرا دل برگر کھانے کو کر رہا ہے، Siri فوری طور پر آپ کو قرب و جوار میں موجود برگر ریسٹورنٹس کی تفصیل فراہم کر دے گی۔ Siri تقریباً آپکے تمام منطقی سوالات کی جواب دے سکتی ہے۔

Siri کی مدد سے آپ باآسانی الارم ، دوست کی سالگرہ یا میٹنگ وغیرہ کا وقت سیٹ کرسکتے ہیں۔ آپ نے صرف Siri کو حکم دینا ہے کہ میرے لیے یہ کام کر دو اور یہ ایپلی کیشن فوری طور پر آپکے حکم کی تعمیل کردے گی۔

Siri آپکے لیے انٹرنیٹ سے بھی معلومات فراہم کر سکتی ہے۔ اگر آپ کرکٹ میچ سے متعلق تازہ معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں – Siri سے پوچھیں ، موسم کا حال جاننا چاہتے ہیں – Siri سے پوچھیں ، Wikipedia پر کچھ تلاش کرنا چاہتے ہیں – Siri سے پوچھیں۔ غرض آپ Siri کی مدد سے الارم سیٹ کرنے سے لے کر فیس بک کا سٹیٹس سب کچھ اپڈیٹ کر سکتے ہیں۔

گو کہ Siri سے قبل دوسرے آپریٹنگ سسٹم جیسے اینڈرائیڈ اور ونڈوز فون میں بھی اسی قسم کا فیچر موجود ہے، لیکن اپنی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی بناء پر Siri ان سب سے ممتاز ہے۔

Siri کو پہلے 2010 میں ایپل ایپ سٹور میں SRI International کی جانب سے متعارف کروایا گیا ، بعد ازاں اسے ایپل کمپنی نے خرید لیا اور اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 5 میں شامل کر لیا۔ Siri فی الوقت انگریزی جرمن اور فرنچ زبانوں کے لیے موثر ہے۔ Siri کے بہت سے فنکش صرف امریکہ کے لیے ہی موثر ہیں۔


، فی الوقت Siri صرف آئی فون 4 ایس کے لیے میسر ہے لیکن امید کی جارہی ہے کہ اس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے جلد ہی اس ایپل کی دوسری مصنوعات کے لیے بھی پیش کر دیا جائے گا۔ گو کہ اس حوالے سے کچھ لوگ اپنے طور پر کوششیں کر رہے ہیں لیکن ابھی تک انہیں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

Siri سے متعلق یہ ویڈیو ملاحظہ فرمائیں اور اسکے فیچرز کا استعمال دیکھیں: