مشہور زمانہ کمپنی ایپل کے شریک بانی سٹیو جوبز آج 56 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔جوبز اگناشیی کینسر کی بیماری میں مبتلا تھے۔
اپنی بڑھتی ہوئی بیماری کے پیش نظر تقریباً سوا ماہ پہلے ہی جوبز نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ذمہ داری چھوڑی تھی۔جوبز فی الوقت کمپنی کے بورڈ کے چئیرمین، اور ڈائریکٹر تھے۔
جوبز نے اپنی بیماری کے حوالے سے 2004 میں آپریشن بھی کروایا اور اسکےعلاوہ 2009 میں انہوں نے جگر کی ٹرانسپلانٹیشن بھی کروائی۔لیکن مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی۔
ایپل کمپنی کی جانب سے گذشتہ روز ہی آئی فون کے نئے ماڈل 4S کو متعارف کروایا گیا ۔ اس تقریب میں پہلی بار کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کوک نےنیا آئی فون متعارف کروایا ورنہ اس سے قبل سٹیو جوبز یہ فریضہ سر انجام دیتے تھے، جیسا کہ انہوں نے 2007 میں آئی فون اور بعد ازاں 2010 میں ایپل آئی پیڈ متعارف کروایا۔جوبز نے آخری بار 6 جون 2011 کو سان فرانسسکو میں ہونے والی ایپل کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
ایپل کمپنی کی ویب سائیٹ پر سٹیو جابز کے لئے خصوصی صفحہ مختص کیا گیا ہے، اس کے علاوہ جوبز کے مداح اس ای میل ایڈریس پر اپنے تعزیتی پیغامات بھیج سکتے ہیں rememberingsteve@apple.com