گو کہ اس سے قبل بھی موبی لنک کی جانب سے سمارٹ فونز متعارف کروائے جاتے رہے ہیں لیکن چونکہ وہ کافی مہنگے ہوتے تھے اس لیے صارفین کی خاص توجہ حاصل نہ کر پاتے۔ لیکن آج موبی لنک کی جانب سے ایچ ٹی سی ایکسپلورر فون متعارف کروایا گیا ہے جو فیچرز کے لحاظ سے کسی بھی مہنگے سمارٹ فون سے کم نہیں اور اس کی قیمت بھی انتہائی مناسب ہے یعنی 15999 روپے۔
یہ فون گوگل کے آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ جنجر بریڈ 2.3.5 سے مزین ہے اور اس میں 600MHz کاپراسیسر اور 512 MB کی ریم نصب ہے۔ اسکی سکرین کی لمبائی 3.2 انچ ہے اور اس میں کیمرہ بھی 3.2میگا پکزل کا ہی نصب ہے۔اس فون میں انٹرنیٹ براوزنگ کے لیے ایڈوبی فلیش کی سہولت بھی میسر ہے۔ اپنے فیچرز کے لحاظ سے یہ فون کافی اچھا ہے ۔
جہاں اس فون میں کافی خوبیاں ہیں وہیں اس میں کچھ خامیاں بھی ہیں۔ اس فون کی اپنی میموری صرف 90 MB ہے گو کہ میموری کارڈ لگا کر تصاویر ، گانے اور ویڈیوز تو بے تحاشہ رکھی جا سکتی ہیں لیکن کیا کیا جائے کہ اینڈرائیڈ کی اکثر ایپلی کیشنز جیسا کہ فیس بک ، ٹوئیٹر اور بہت سے دوسری ایپلی کیشنز صرف موبائل میموری پر ہی انسٹال ہوتی ہیں لہذا آپ اس فون پر زیادہ ایپلی کیشنز انسٹال نہیں کرسکتے۔ ایک اور خامی یہ ہے کہ وزن تو اس فون کا صرف 108 گرام ہے لیکن اسکی ساخت کچھ ایسی ہے کہ یہ فون کافی موٹا موٹا لگتا ہے جبکہ آج کل ’دبلے پتلے‘ موبائل فونز پسند کیے جاتے ہیں۔
خیر موبی لنک کی جانب سے صارفین کو اس سمارٹ فون کی جانب راغب کرنے کے لیے اس کے ساتھ تین ماہ کا فری لامحدود موبائل انٹرنیٹ اور چمڑے کا پاوچ بھی فراہم کیا جائے گا۔
فی الوقت پاکستانی مارکیٹ میں صرف سام سنگ ہی سستے اور معیاری سمارٹ فون فراہم کر رہا تھا لیکن اب امید ہے کہ ایچ ٹی سی کے میدان میں آجانے سے مقابلے کی فضاء پیدا ہوگی اور قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے جس کا فائدہ بہرحال صارفین کو ہی ہوگا۔