آپ جانتے ہونگے کہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے سال 2008 میں سمارٹ ٹی کے نام سے انٹرنیٹ ٹیلی ویژن کی سروس متعارف کروائی گئی تھی۔ تاہم یہ سروس براڈبینڈ کے مقابلے میں صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔سمارٹ ٹی وی کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ سیٹ ٹاپ باکس کی ہوشربا قیمت تھی۔ جسے بعد ازاں کم تو کر دیا گیا لیکن پھر سروس چارجز میں اضافہ کر دیا گیا جو کہ اس سے قبل صرف 126 روپےماہانہ تھے۔
پی ٹی سی ایل سمارٹ ٹی وی لگوانے کے لیے فکسڈ لائن ٹیلی فون اور براڈ بینڈ کنکشن ہونا لازم تھے لیکن حال ہی میں پی ٹی سی ایل کی جانب سے ایک نئی آفر متعارف کروائی گئی ہے جسکے مطابق اب آپ براڈبینڈ کنکشن لگوائے بغیر بھی سمارٹ ٹی کی سروس حاصل کرسکتے ہیں۔ اس آفر کی تفصیلات کچھ یوں ہیں:
- پیکج چارجز 649 روپے ماہانہ ، جس میں 450 روپے ٹی وی چارجز اور 199 روپے ٹیلی فون چارجز ہیں۔
- سیٹ ٹاپ باکس کی قیمت 4999 روپے، یا پھر دو سال کے لیے250 روپے ماہانہ کی اقساط۔
- اتوار کے روز آپ پی ٹی سی ایل اور وی فون نمبروں پر مفت لامحدود کالز کرسکتے ہیں۔
- انسٹالیشن چارجز کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
شرائط و ضوابط:
- یہ آفر نئے پرانے تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
- موجود براڈبینڈ صارفین بھی اپنا پیکج ختم کروا کر صرف ٹی وی پیکج حاصل کر سکتے ہیں۔
- اس آفر میں صارفین کو وائی فائی موڈیم فراہم نہیں کیا جائے گا۔
- مزید تفصیلات کے لیے پی ٹی سی ایل کی ہیلپ لائن 080080800 ملائیں۔
سروس چارجز اور سیٹ ٹاپ باکس کی قیمت کو دیکھتے ہوئے ایک بار پھر یہی خیال کیا جاسکتا ہے کہ پی ٹی سی ایل کی یہ آفر بھی ناکام ہی رہے گی۔ آج کل کیبل آپریٹرز کی جانب سے بھی ڈیجیٹل ٹی وی کی سروسز پیش کی جارہی ہیں جو سمارٹ ٹی وی کے مقابلے میں قدرے سستی اور بہتر ہیں۔ پی ٹی سی ایل کو چاہیے کہ وہ صارفین کو الوّ بنانے کی بجائے سروس چارجز کو کم کرے تاکہ صارفین سمارٹ ٹی وی کی جانب راغب ہوسکیں۔