حال ہی میں مائیکروسافٹ کی جانب سے ونڈوز کا نیا ورژن ونڈوز 8 اور موبائل فونز کے لیے ونڈوز فون 8 جاری کیا گیا۔ نوکیا، سام سنگ ، ایچ ٹی سی اور ہواوے کی جانب سے نئے آپریٹنگ سسٹم سے مزین سمارٹ فونز کی نمائش اور فروخت کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
لیکن ونڈوز فون 7.5 صارفین کا کیا بنا؟ مائیکروسافٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ کمپنی موجودہ سمارٹ فونز جو ونڈوز کے پرانے ورژن 7.5 کا استعمال کررہے ہیں انکے لیے ونڈوز فون 8 کا اپ گریڈ جاری نہیں کرے گی، کیونکہ ونڈوز8 صرف نئے ہارڈوئیر پر ہی چلائی جاسکے گی۔اس بات پر صارفین کی جانب سے خوب ہنگامہ کیا گیا کیونکہ ونڈوز فون 7.5 بہت سے عام فیچرز سے بھی محروم ہے اور صارفین یہ خیال کر رہے تھے کہ ونڈوز فون کے اگلے ورژن میں تمام خامیوں پر قابو پالیا جائے گا۔
یعنی ایک صارف دو ماہ قبل ایک فون خریدے اور اسے پتہ چلے کہ وہ اسے کبھی اپ گریڈ نہیں کرسکے گا، جیسا کہ پاکستان میں حال ہی میں ونڈوز فون 7.5 مزین لومیا 610 ،800 اور 900 متعارف کروائے گئے۔ صارفین کے اس احتجاج کے پیش نظر مائیکروسافٹ نے کچھ عرصہ قبل انہیں تسلی دی کہ ونڈوز فون 8 نہ سہی ہم آپ کے لیے اس سے ملتا جلتا ایک اپ گریڈ ونڈوز فون 7.8 پیش کریں گے۔ جو کہ بہت جلد نوکیا ، ایچ ٹی سی اور دیگر پرانے ونڈوز فونز کے لیے دستیاب ہوگا۔
نوکیا لومیا 800 کا مکمل ری ویو پڑھیے
لیکن نہ تو کمپنی کی جانب سے ابھی تک ایسا کوئی اپ گریڈ جاری کیا گیا اور نہ ہی فیچرز کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات فراہم کی گئیں۔ کمپنی کی جانب سے صارفین کے سوالات کے جواب دینے سے بھی احتراز کیا جارہا ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ شاید کمپنی نے صارفین کو چپ کروانے کے لیے ایک جھوٹ بولا تھا اور ونڈوز فون 7.8 جاری نہیں کی جائے گی، لیکن صارفین کی اکثریت اب بھی پرامیدہے۔
مائیکروسافٹ اگر موبائل کی دنیا میں گوگل اور ایپل سے ٹکر لینا چاہتی ہے تو اسے پہلے اپنے موجودہ صارفین کو خوش کرنا ہوگا، ورنہ شاید نئے صارفین حاصل کرنے کی دوڑ میں اسےکے پرانے صارفین ہی اس نہ روٹھ جائیں۔