نوکیا بھی ٹیبلیٹس بنانے کی دوڑ میں شامل؟

اس بات سے قطع نظر کہ آپ موبائل فون صارف ہیں یا نہیں ، آپ نے نوکیا کا نام تو ضرور سنا ہوگا اور آپ یہ بھی جانتے ہونگے کہ یہ کمپنی سستے اور معیاری موبائل فونز بنانے کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اب کمپنی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ایپل کے آئی پیڈ ، سام سنگ کی گلیکسی ٹیب اور اسی طرح کی دوسری کمپنیوں کی ٹیبلیٹس کے مقابلے پر نوکیا بھی اپنا ٹیبلیٹ کمپیوٹر متعارف کروائے۔
نوکیا کی جانب سے پیش کی جانے ٹیبلیٹ ڈؤل کور پراسیسر سے مزین ہوگی اور اس میں مائیکروسافٹ ونڈوز کے نئے آنے والے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 8 کا استعمال کیا جائے گا۔اس ٹیبلیٹ کا سکرین سائز 10 انچ ہوگا۔

ماہرین کے مطابق یہ سال ٹیبلیٹ کمپیوٹرز کا سال ہوگا جہاں بہت سے صارفین لیپ ٹاپ اور سمارٹ فونز کو چھوڑ کر ٹیبلیٹ کمپیوٹرز خرید رہے ہیں۔ ایپل کی جانب سے بھی حال ہی میں اپنے آئی پیڈ کا نیا ورژن متعارف کروایا گیا ہے ، اسی طرح موبائل ورلڈ کانگرس کے موقع پر بھی کافی نئی اینڈرائیڈ ٹیبلیٹس دیکھنے میں آئیں۔

امید کی جارہی ہے کہ نوکیا کی ٹیبلیٹ اس سال کے آخر تک دستیاب ہوگی۔

منبع