موبائل فون ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین کو کرائے کی گاڑی یا ٹیکسی کی سروس فراہم کرنے والی کمپنی اوبر نے اب اس بات کا اعلان کیا ہے کہ جلد وہ اپنے صارفین کے لیے بغیر انسانی ڈرائیورکے چلنے والی گاڑیاں بھی متعارف کروا رہے ہیں۔
اوبر ایک قسم کی ٹیکسی سروس ہے جس میں آپ اپنے موبائل فون پر موجود ایپلی کیشن کو استعمال کرتے ہوئے ٹیکسی منگوا سکتے ہیں۔ عام ٹیکسیوں کے مقابلے میں اوبر کی گاڑی نیلے پیلے رنگ کی بجائے سڑکوں پر دوڑنے والی دیگر گاڑیوں کی طرح ہی ہوتی ہے اور اسکا ڈرائیور اوبر کمپنی کا کوئی ملازم نہیں بلکہ اکثر خود گاڑی کا مالک ہوتا ہے۔
گاڑی خود کار نظام کے تحت چلے گی
اوبر کی یہ ڈرائیور کے بغیر ٹیکسی سروس 100 گاڑیوں کے ساتھ امریکی ریاست پنسیلوانیا کے شہر پٹسبرگ سے شروع کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے والو کی خود کار نظام سے چلنے والی گاڑی صارف کہ پتہ پر بھیجی جائے گی۔ تاہم گاڑی میں ایک سپروائزر بھی موجود ہوگا۔ جو گاڑی چلائے گا تو نہیں البتہ اسکی نگرانی کرے گا۔
گاڑی میں موجود کیمرے گاڑی کے اندر اور باہر کی ویڈیو بنائیں گے، اور تمام ڈیٹا صارفین کا سفر بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
گاڑیاں بنانے والی بڑی کمپنیاں اس بات کا عندیہ دے رہی ہیں کہ آئیندہ 5 برس کے اندر مارکیٹ میں خود کار نظام کے تحت چلنے والی گاڑیاں عام ہوجائیں گی۔ لہذا اوبر ابھی اسے اپنے حریفوں سے سبقت لے جانے کے چکر میں ہے۔
بنا ڈرائیور کے چلنے والی گاڑی کی یہ سروس ابھی صرف امریکہ کے شہر پٹسبرگ تک ہی محدود رکھی جائے گی اور اس میں سفر کرنے والے افراد سے کرایہ بھی وصول نہیں کیا جائے گا۔
اوبر پاکستان میں بھی دستیاب ہے
اوبر نے چھ ماہ قبل پاکستان میں بھی اپنی سروسز کا آغاز کردیا ہوا ہے اور لاہور کے بعد اب یہ سروسز جلد کراچی میں بھی متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔ تاہم ڈرائیور کے بغیر چلنے والی یہ گاڑیاں پاکستان میں آنے کی ابھی کوئی توقع نہیں۔