اوپرا منی ایک مقبول و معروف ویب براؤزر ہے جو کہ گزشتہ کئی برس سے اپنی منفرد صلاحیتوں کا لوہا منواتا چلا آیا ہے۔یہ بات واقعی درست ہے کہ ڈیسک ٹاپ پلیٹ فارم پرفائرفوکس، گوگل کروم اور انٹرنیٹ ایکسپلوررزیادہ مقبول ہیں تاہم اوپرا صارفین کی تعداد بھی اچھی خاصی ہے۔
موبائل براؤزر کی دنیا میں اوپرا منی اپنی انفرادیت اور مثالی خصوصیات کی بنا پر اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ کچھ عرصہ قبل اوپرا نے اپنا پرانا”پریسٹو”نامی انجن ترک کر کے ویب کٹ انجن کا استعمال شروع کر دیا ہے اور کرمیم پراجیکٹ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مشہور زمانہ براؤزر گوگل کروم، جس نے ابتدائی چند ماہ میں ہی اپنے حریف ویب براؤزرز کا پانسہ پلٹ دیا تھا، وہ بھی کرمیم پراجیکٹ کو استعمال کرتا ہے جس کی چھاپ گوگل کروم کے انٹر فیس میں بخوبی دیکھی جا سکتی ہے۔مگر اس کے بر عکس اوپرا نے اپنی انفرادیت برقرار رکھی ہوئی ہے اور آپ کو موبائل ڈیوائس پر ڈیسک ٹاپ براؤزنگ جیسا انٹرفیس مہیا کرتا ہے
اوپرا منی اپنے ویب سرورز کے ذریعے آپ کے مطلوبہ ویب پیج کو پہلے کمپریس کرتا ہے اور پھر آپ کے براؤزر پر دکھاتا ہے۔ اس طرح ویب پیج کا سائز تقریباََ۹۰ فیصد تک کم ہو جاتا ہے اور آپ کو زیادہ ڈیٹا ڈاؤنلوڈ نہیں کرنا پڑتا۔ یعنی اگر آپ محدود انٹرنیٹ پیکیج استعمال کرتے ہیں تو آپ تھوڑے میگا بائٹس خرچ کرکے زیادہ براؤزنگ کر سکتے ہیں اور وہ بھی زیادہ رفتار کے ساتھ۔
نائٹ موڈ ایک اور زبردست فیچر ہے جس کے ذریعے آپ رات کے وقت براؤزر کو آسانی سے استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ موڈ سکریں کی روشنی کو کم کرکے رات کے وقت آنکھوں پہ دباؤ کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے اور روشنی کم ہونے کی بناء پر فون کی بیٹری نسبتاََزیادہ وقت چل سکتی ہے۔
اس کے علاوہ مزید خوبیوں میں پرائیویٹ براؤ زنگ، نیا دیدہ زیب ڈیزائن اورتیزتر رفتار ہے جس کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ مزید برآں ڈیٹا کے استعمال کے اعداد و شمار کے ذریعے آپ اپنے ڈیٹا پیکج کے استعمال کو پہلے سے کہیں بہتر انداز میں منظم کر سکتے ہیں۔
اوپرا منی مختلف موبائل اوپریٹنگ سسٹمز کے لیے دستیا ب ہے جس میں اینڈرائیڈ، آئی فون، بلیک بیری وغیرہ جیسے چوٹی کے آپریٹنگ سسٹم بھی شامل ہیں اور نوکیا کے اکثر موبائل فونز میں تو یہ پہلے سے ہی موجود ہوتا ہے۔اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہ لنک ملاحظہ کیجئے۔ اس براؤزر کے بارے میں آپکی کیا رائے ہے؟ استعمال کرکے ضرور بتائیے گا۔