سین ڈسک نے دنیا کا تیزترین میموری کارڈ تیار کر لیا

میموری کارڈز بنانے کے حوالے سے شہرت رکھنے والی امریکی کمپنی سین ڈسک کی جانب سے دنیا کا تیز ترین میموری کارڈ Extreme Pro CFast 2.0 متعارف کروا دیا گیا ہے۔

cfastfront120gbhr

اس تیز رفتار میموری کارڈ کی ریڈنگ سپیڈ 450 ایم بی فی سیکنڈ جبکہ رائیٹنگ سپیڈ 350 ایم بی فی سیکنڈ ہے۔ یعنی آپ اس پر جو فائلز کاپی کریں گے وہ 350MB/s کی رفتار سے کاپی ہونگی اور اس سے ڈاؤنلوڈ کیے جانے والے ڈیٹا کی رفتار 450MB/s  ہوگی۔ اس کارڈ کی تیز رفتاری کا اندازہ کچھ یوں لگایے کہ 100 جی بی کی ایک فائل کم و بیش 4 منٹ میں اس سے منتقل کی جاسکتی ہے۔

اس میموری کارڈ میں تیز رفتار ٹرانسفر سپیڈ حاصل کرنے کے لیے Serial ATA Bus ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، تاہم اس کارڈ کو استعمال کرنے والے آلات کی تعداد فی الوقت بہت محدود ہے اور صرف ARRI گروپ کی جانب سے تیار کیے جانے والے چند کیمرہ ماڈلز میں ہی اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

CFast 2.0 میموری کارڈ 60 جی بی اور 120 جی بی میموری کے ساتھ دستیاب ہے، اس کارڈ کے لیے پن لیس ڈیزائن کا انتخاب کیا گیا ہے جسکی بدولت بار بار کارڈ کیمرہ میں ڈالنے نکالنے سے یہ خراب نہیں ہوتا۔ اسکے علاوہ یہ کارڈ گرمی، سردی اور نمی وغیرہ سے بھی محفوظ رہتاہے۔

سین ڈسک کی جانب سے اس کارڈ کی قیمتوں کا اعلان تو نہیں کیا گیا، تاہم کمپنی کی دیگر مصنوعات اور اس کارڈ کے فیچرز کو دیکھتے ہوئے یہ قیاس کیا جاسکتا ہے کہ اس کی قیمت بے حد زیادہ ہوگی اور صرف پروفیشنلز یا کمپنیاں ہی اسے خریدیں گی۔