ای میل کی سہولت استعمال کرنے والے صارفین کی ایک بڑی تعداد Gmail کو اس لیے پسند کرتی ہے کیونکہ دیگر میل سروسز جیسے Yahoo, Aol اور Hotmail کے مقابلے میں گوگل نے صارفین کو ایک سادہ اور مفید انٹرفیس فراہم کیا، جسکی بدولت کمپیوٹر کے ماہرین کے ساتھ ساتھ عام افراد بھی باآسانی ای میل بھیج اور پڑھ سکتے ہیں۔
دیگر کمپنیوں کو شاید یہ بات پہلے پہل سمجھ نہ آئی لیکن اب وہ بھی گوگل کی ہی روش پر چل نکلی ہیں۔ کچھ عرصہ مائیکروسافٹ کی جانب سے Hotmail سروس کو ایک نئے انداز میں Outlook کے نام سے متعارف کروایا جو نہ صرف آسان انٹرفیس فراہم کرتی ہے بلکہ ونڈوز 8 سے بھی کافی حد تک مطابقت رکھتی ہے۔
لیجئے جناب پھر یاہو والے کہاں پیچھے رہتے؟ یاہو کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر ماریسا میئر کی جانب سے کمپنی کے آفیشل بلاگ پر اعلان کیا گیا ہے کہ یاہو کی ای میل سروس کے لیے نیا ڈیزائن متعارف کروادیا گیا ہے۔ جو کہ آئیندہ چند دنوں تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اب کی بار یاہو نے تمام سافٹوئیر کے لیے ایک جیسا نیا ڈیزائن متعارف کروایا ہے تو چاہے آپ کمپیوٹر پر ہوں یا موبائل پر ہر جگہ ای میل کا انٹرفیس ایک جیسا ہوگا۔
یاہو کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے مطابق انہوں نے صارفین کی پسند کا خیال رکھتے ہوئے یہ نیا انٹرفیس متعارف کروایا ہے کیونکہ صارفین چاہتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنی ای میل دیکھ سکیں اور انکی توجہ دیگر چیزوں پر نہ ہو۔
تصاویر میں یہ نیا انٹرفیس کافی اچھا لگ رہا ہے لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا یاہو ای میل کا نیا ڈیزائن روٹھے ہوئے صارفین کو واپس لانے میں کامیاب ہو پائے گا؟