مائیکروسافٹ: اگلے سال Surface فون متعارف کروانے کا ارادہ ، نوکیا خطرے میں

آپ یہ تو جانتے ہونگے کے مائیکروسافٹ کی جانب سے اس ماہ کے اختتام پر کمپنی کی پہلی ٹیبلیٹ “Surface” پیش کی جارہی ہے، یہ ٹیبلیٹ مائیکروسافٹ ونڈوز کے نئے ورژن 8 سے مزین ہوگی۔ کمپنی Surface ٹیبلیٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کمپنیوں کے اشتراک سے مختلف سمارٹ فونز اور ٹیبلیٹس متعارف کروانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔ اسی حوالے سے مختلف اطلاعات کے مطابق مائیکروسافٹ کی جانب سے آج کل Surface Phone پر کام کیا جارہاہے۔

Surface ٹیبلیٹ کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ تحریر ملاحظہ کیجئے


گو کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے فی الحال ایسی خبروں کی تردید کی جارہی ہے لیکن ماہرین کے مطابق کمپنی ابھی Surface ٹیبلیٹ کے بارے میں صارفین کی رائے جاننا چاہ رہی ہے اور امید ہے کہ اگلے سال Surface Phone بھی متعارف کروا دیا جائے گا۔ دیگر کمپنیوں کے جانب سے پیش کیے جانے والے ونڈوز موبائل فونز کی نسبت اس فون کا سافٹوئیر گوگل کے نیکسس سمارٹ فونز کی طرح فوری اپڈیٹ ہوجایا کرے گا۔
مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سٹیو بالمر کے مطابق کمپنی پالیسی میں بہت تیزی سے تبدیلی آرہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ مستقبل میں ہم  اپنے صارفین کے لیے نہ صرف سافٹوئیر بلکہ زیادہ سے زیادہ  ہارڈوئیر مصنوعات بھی پیش کریں۔

اگر مائیکروسافٹ کی جانب سے کوئی سمارٹ فون متعارف کروایا جاتا ہے تو اسکا سب سے زیادہ نقصان نوکیا کو ہوگا، کیونکہ نوکیا دیگر موبائل فون کمپنیوں کے مقابلے میں ابھی تک اینڈرائیڈ فونز تیار نہیں کررہی، لہذا اسکے مستقبل کا دارومدار ونڈوز فونز پر ہی ہے۔ نوکیا کے سی ای او سٹیفن ایلوپ کے مطابق انہیں مائیکروسافٹ کی جانب سے سمارٹ فون متعارف کروائے جانے کی کوئی امید نہیں ، لیکن انہیں تو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ مائیکروسافٹ Surface ٹیبلیٹ متعارف کروانے جارہا ہے۔ لہذا اگر کمپنی کی جانب سے کوئی سمارٹ فون پیش کیا جاتا ہے تو یقیناً پوری دنیا کی طرح نوکیا کے لیے بھی یہ ایک سرپرائز ہوگا۔

منبع