آپ کو معلوم ہے کہ فیس بک کی جانب سے موبائل صارفین اور خاص کر سمارٹ فونز صارفین کے لیے فیس بک ایپلی کیشنز تیار کی گئی ہیں۔ تو چاہے آپ اینڈرائیڈ، آئی او ایس یا پھر ونڈوز فون کوئی بھی سسٹم استعمال کریں آپ فیس بک ایپلی کیشن کے ذریعے اپنے دوستوں اور پوری دنیا سے رابطہ میں رہ سکتے ہیں۔
فیس بک کی جانب سے صارفین کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے گذشتہ سال فیس بک میسنجر کے نام سے ایک علیحدہ ایپلی کیشن بھی متعارف کروائی گئی تاکہ وہ لوگ جو صرف اپنے دوستوں سے چیٹنگ کرنا چاہتے ہیں وہ اس ایپلی کیشن کا استعمال کریں۔ اطلاعات کے مطابق اب فیس بک کی جانب سے جلد ہی فیس بک پیج مینجر کے نام سے ایک نئی ایپلی کیشن متعارف کروائی جارہی ہے، جس کے ذریعے آپ فیس بک پر اپنے فین پیجز کے انتظامات چلا سکتے ہیں۔
فیس بک انتظامیہ کے مطابق ابھی اس ایپلی کیشن پر کام جاری ہے اور جلد ہی اسے تمام صارفین کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔ اگر آپ فیس بک پر کسی پیج کے ایڈمنسٹریٹر ہیں اور بذریعہ موبائل ہی اس پیج کے انتظامات چلانا چاہتے ہیں تو یقیناً یہ ایپلی کیشن آپ کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگی۔