مائیکروسافٹ کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیا گیا ہے کہ کمپنی کی نئی آنے والی ونڈوز 8 کا ریلیز پری ویو، جسے پہلے Release Candidate کا نام دیا جاتا تھا جون 2012 کے پہلے ہفتے میں پیش کیا جائے گا۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے یہ اعلان جاپان میں منعقد ہونے والے ونڈوز 8 ڈیویلپر ڈے کانفرنس کے موقع پر کیا گیا۔ گوکہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں ، اور نہ ہی ابھی تک یہ معلوم ہے کہ ونڈوز 8 کو حتمی طور پر مارکیٹ میں کب پیش کیا جائے گا۔
آپ کو یاد ہوگا کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے گذشتہ سال ستمبر میں ونڈوز 8 کا ڈیویلپر پری ویو اور اس سال فروری میں کنزیومر پری ویو جاری کیا گیا۔ ونڈوز 8 کی سب سے خاص بات اس کا میٹرو انٹرفیس ہے جسکی بدولت آنے والی ونڈوز نہ صرف کمپیوٹرز بلکہ ٹیبلیٹس اور موبائل فونز کے لیے بھی کارآمد ہوگی۔
اگر مائیکروسافٹ کی جانب سے ونڈوز 7 ہی کے شیڈول کو اپنایا جاتا ہے تو امید ہے کہ اکتوبر 2012 تک ونڈوز 8 کا حتمی ورژن مارکیٹ میں پیش کر دیا جائے گا۔